ایران امریکا:1953 کی بغاوت سے 2025 کے حملوں تک
اشاعت کی تاریخ: 24th, June 2025 GMT
مشرق وسطیٰ میں اگر کوئی ایک ملک امریکا کا مستقل ترین اور نظریاتی حریف رہا ہے، تو وہ ایران ہے۔ یہ تصادم صرف موجودہ جنگی کشیدگی یا سفارتی بیان بازی تک محدود نہیں بلکہ اس کے سائے گزشتہ 7 دہائیوں سے عالمی سیاست پر پڑتے رہے ہیں۔ تیل، نظریات، انقلاب، خفیہ آپریشنز اور جوہری معاہدے، یہ سب ایران امریکا تعلقات کی تاریخ میں شامل ایسے ابواب ہیں جو بار بار دنیا کو جھنجھوڑ چکے ہیں۔ آئیے، ایران اور امریکا کے درمیان کشمکش کی اس تاریخی شاہراہ پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
1953: مصدق کی برطرفی اور شاہ کی واپسیایرانی عوام نے 1951 میں محمد مصدق کو وزیر اعظم منتخب کیا، جنہوں نے برطانوی تسلط سے نکلنے کے لیے آئل کمپنی کو قومیانے کی کوشش کی۔ یہ اقدام برطانیہ اور امریکا کو سخت ناگوار گزرا۔ چنانچہ سی آئی اے اور ایم آئی 6 کی مدد سے 1953 میں مصدق حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا اور شاہ رضا پہلوی کو دوبارہ اقتدار میں لایا گیا۔ اس امریکی مداخلت نے ایرانی قوم میں مغرب سے بدگمانی کی بنیاد ڈال دی۔
شاہ ایران نے جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے لیے امریکا سے معاہدہ کیا۔ امریکا نے ایران کو ری ایکٹر اور یورینیم فراہم کیا۔ یہی بنیاد بعد میں ایران کے متنازع جوہری پروگرام کا نقطہ آغاز بنی۔
شاہ کی آمریت اور مغربی اثر و رسوخ کے خلاف عوامی بغاوت نے ایران کا نقشہ بدل دیا۔ آیت اللہ روح اللہ خمینی کی قیادت میں اسلامی انقلاب آیا، شاہ ملک چھوڑ کر فرار ہوئے، اور ایران میں ایک نئی نظریاتی ریاست قائم ہوئی۔ ایران کے مغرب سے تعلقات اس لمحے سے شدید تناؤ کا شکار ہو گئے۔
شاہ کی امریکا میں آمد پر ایرانی طلبا نے تہران میں امریکی سفارت خانے پر قبضہ کرکے 52 امریکیوں کو یرغمال بنا لیا۔ یہ بحران 444 دن تک جاری رہا اور امریکا نے ایران سے سفارتی تعلقات ختم کر دیے۔
ایران میں انقلاب کے اثرات کو کم کرنے کے لیے عراق نے ایران پر حملہ کر دیا۔ امریکا نے صدام حسین کی کھل کر حمایت کی، اسلحہ، انٹیلی جنس اور سیاسی امداد فراہم کی۔ عراق نے جنگ کے دوران کیمیائی ہتھیار بھی استعمال کیے۔
لبنان میں امریکی فوجیوں پر مہلک حملوں کے بعد امریکا نے ایران کو دہشتگردوں کا سرپرست قرار دیا۔ اگرچہ بعد میں صدر ریگن نے پس پردہ ایران سے مذاکرات کیے تاکہ یرغمالیوں کی رہائی ممکن ہو سکے، مگر جب یہ بات منظر عام پر آئی تو ’ایران-کانٹرا اسکینڈل‘ (Iran–Contra Affair) امریکی سیاست کے لیے ایک بھونچال بن گیا۔
خلیج فارس میں کشیدگی کے دوران ایک امریکی جنگی بحری جہاز نے ایران کے مسافر طیارے کو مار گرایا، جس میں 290 افراد جاں بحق ہوئے۔ امریکہ نے اسے غلطی قرار دیا اور کبھی باقاعدہ معافی نہیں مانگی، البتہ لواحقین کو معاوضہ دیا گیا۔
صدر بل کلنٹن کے دور میں ایران پر معاشی پابندیاں سخت کر دی گئیں۔ امریکی کمپنیوں پر ایران سے لین دین پر پابندی عائد ہوئی، اور دیگر ملکوں کو بھی ایرانی توانائی اور اسلحہ کے شعبے میں سرمایہ کاری سے روکنے کی کوشش کی گئی۔
نائن الیون کے بعد صدر جارج بش نے ایران کو عراق اور شمالی کوریا کے ساتھ ’برائی کے محور‘ (Axis of Evil) میں شامل کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت ایران امریکا کے ساتھ طالبان اور القاعدہ کے خلاف خفیہ تعاون کر رہا تھا، جو اس اعلان سے ختم ہوگیا۔
صدر باراک اوباما کی کوششوں سے ایران، امریکا اور عالمی طاقتوں کے درمیان تاریخی معاہدہ JCPOA (Joint Comprehensive Plan of Action) طے پایا، جس میں ایران نے یورینیم افزودگی کی سطح محدود کرنے پر اتفاق کیا اور بدلے میں عالمی پابندیاں نرم کی گئیں۔
صدر ٹرمپ نے (Joint Comprehensive Plan of Action) معاہدے کو تباہ کن قرار دے کر یکطرفہ طور پر ختم کر دیا۔ ایران پر نئی پابندیاں لگیں، اور کشیدگی میں شدت آ گئی۔
امریکا نے بغداد میں ایرانی قدس فورس کے سربراہ جنرل سلیمانی کو ڈرون حملے میں شہید کردیا۔ یہ اقدام فریقین کو ایک بڑے تصادم کے دہانے پر لے آیا۔ ایران نے عراق میں امریکی اڈوں پر جوابی حملے کیے۔
مارچ 2025 میں ٹرمپ نے آیت اللہ خامنہ ای کو خط لکھا اور 60 دن کے اندر نئے معاہدے کی پیشکش کی۔ ایران نے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ مذاکرات نہیں، مطالبات کر رہا ہے۔ پھر عمان اور اٹلی میں غیر رسمی بات چیت شروع ہوئی۔
حالات بہتر ہونے ہی والے تھے کہ اسرائیل نے ایران پر اچانک حملہ کر دیا۔ ٹرمپ نے اسرائیل کو باز رہنے کا مشورہ دیا، مگر ناکامی پر امریکا نے خود ایران کی 3 اہم جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
ایران اور امریکا کے تعلقات پیچیدہ، متنازع اور خونریز تاریخ پر مشتمل ہیں۔ ہر دور میں بداعتمادی، مفادات کی جنگ اور عالمی اثر و رسوخ کی کشمکش ان تعلقات کو نئی جہت دیتی رہی ہے۔ 2025 میں بھی حالات کشیدہ ہیں، مگر سوال اب بھی وہی ہے کہ میز پر بندوق رکھ کر مذاکرات کی بیل کبھی منڈھے چڑھ سکے گی؟
ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: ایران امریکا ایران امریکا جوہری معاہدہ ایران امریکا مذاکرات باراک اوبامہ بل کلنٹن تہران ایران امریکا اور امریکا میں امریکی میں ایران امریکا نے نے ایران ایران نے ایران پر ایران کے ایران کو کے لیے
پڑھیں:
نیپال کی بغاوت اور جمہوریت کا سوال
جنوبی ایشیا کے پہاڑوں کے درمیان چھپا ہوا چھوٹا سا ملک نیپال آج ایک بار پھر سیاسی بحران کی زد میں ہے۔ چند دہائیاں پہلے تک یہ بادشاہت کے سائے میں سانس لینے والا سماج تھا، پھر عوامی تحریکوں نے اس بادشاہت کے پرخچے اڑائے اور جمہوریت کے خواب نے وہاں کے عوام کی آنکھوں میں چمک پیدا کی لیکن اب چند ہی برسوں میں وہی خواب بکھرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ حالیہ فوجی مداخلت اقتدار کی رسہ کشی اور سیاسی جماعتوں کی موقع پرستی نے اس بات کو ایک بار پھر واضح کردیا ہے کہ جمہوریت صرف انتخابی کھیل یا ناموں کی شعبدہ بازی نہیں۔
نیپال کے نام نہاد جمہوری حکمرانوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ جب عوامی مینڈیٹ کو اشرافیہ کے فائدے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تو جمہوریت اپنی روح کھو بیٹھتی ہے۔ یہ کُو یا بغاوت دراصل اسی مایوسی اور محرومی کی پیداوار ہے جو عوام برسوں سے جھیلتے آ رہے ہیں۔ دنیا میں جمہوریت کو سب سے زیادہ غلط سمجھا اور غلط استعمال کیا گیا ہے۔ اکثر حکمران سمجھتے ہیں چونکہ عوام نے انھیں ووٹ دے دیا ہے، اس لیے اب وہ عوام پر حکومت کرنے کے مجاز ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ جمہوریت کا مفہوم کبھی بھی صرف اقتدار حاصل کرنے تک محدود نہیں رہا۔ جمہوریت کا اصل مقصد یہ ہے کہ اکثریت کے خواب، اکثریت کی ضرورتیں اور اکثریت کی محرومیاں حکومتی پالیسی کا مرکز ہوں، اگر کسان اب بھی زمین سے محروم ہے، مزدور اب بھی بھوک اور بیروزگاری کے عذاب میں مبتلا ہے۔ عورت اب بھی سماجی ناانصافی اور ریاستی بے حسی کا شکار ہے تو ایسی جمہوریت کاغذ پر موجود ہو سکتی ہے لیکن عوام کے دل میں اس کی کوئی جگہ نہیں رہتی۔
نیپال کی سیاسی تاریخ پر نگاہ ڈالیں تو ہمیں جدوجہد اور خوابوں کی ایک طویل داستان ملتی ہے۔ وہاں کے عوام نے بادشاہت کے خلاف قربانیاں دیں شاہی فوج کے تشدد کو برداشت کیا پہاڑوں اور میدانوں میں احتجاجی جلوس نکالے۔ ان سب کا مقصد یہ تھا کہ اقتدار چند ہاتھوں سے نکل کر عوام کی اکثریت کو منتقل ہو لیکن جب وہاں کی جماعتیں اقتدار میں آئیں تو انھوں نے جمہوریت کو عوامی خدمت کا ذریعہ بنانے کے بجائے اسے ذاتی مفاد اور بدعنوانی کی نذر کر دیا۔
وہی سیاست دان جو عوامی نعروں کے سائے میں تختِ اقتدار پر بیٹھے تھے وہ سرمایہ داروں اور سامراجی طاقتوں کے ایجنڈے کے خدمت گار بن گئے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ عوام کے مسائل جوں کے توں رہے بلکہ ان میں اضافہ ہوا ، غربت بڑھی نوجوان بیروزگار ہوئے اور ملک میں سیاسی عدم استحکام نے لوگوں کے اعتماد کو چکنا چورکر دیا۔ یہ مسئلہ صرف نیپال تک محدود نہیں۔ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا جنوبی ایشیا کا ہر ملک اس سوال سے دوچار ہے۔ جمہوریت کس کے لیے ہے؟ کیا یہ صرف اقتدار کی بندر بانٹ کے لیے ہے یا پھر یہ عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے کا ایک راستہ ہے؟
مغربی دنیا ہمیں بار بار یہ باور کراتی ہے کہ جمہوریت ان کا تحفہ ہے لیکن خود وہاں بھی جمہوریت امیروں کے کھیل میں بدل چکی ہے۔ فرانس میں مزدور بار بار سڑکوں پر نکلتے ہیں کیونکہ جمہوری حکومتیں بھی ان کی پنشن ان کے اوقاتِ کار اور ان کے مستقبل پر ڈاکا ڈالتی ہیں۔ امریکا میں انتخابات کی اصل طاقت کارپوریشنوں اور ارب پتیوں کے ہاتھ میں ہے۔ ایسے میں یہ کہنا مشکل نہیں کہ جمہوریت کا نقاب اوڑھ کر استحصال کی ایک نئی شکل رائج کی جا رہی ہے۔
سچی جمہوریت وہ ہے جہاں حکومت عوام کی بھلائی کو سب سے مقدم سمجھے جہاں تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف سب کے لیے برابر ہو۔ جہاں کسان اور مزدورکو وہی عزت ملے جو کسی بڑے سرمایہ دار یا جاگیردار کو دی جاتی ہے۔ جہاں ریاست کے فیصلے اقلیت کے مفاد میں نہیں بلکہ اکثریت کے فائدے میں ہوں، اگر عوام کی اکثریت بھوک، بیماری اور ناانصافی کی شکار ہے تو پھر ایسی جمہوریت محض ایک فریب ہے۔ یہ وہی صورتِ حال ہے جو نیپال میں سامنے آئی ہے۔ وہاں کے عوام نے جب دیکھا کہ ان کے ووٹوں سے آنے والی حکومتیں ان کے دکھوں کا مداوا نہیں کر رہیں تو ان کا اعتماد ٹوٹ گیا اور اسی ٹوٹے ہوئے اعتماد نے ملک کو ایک نئے بحران میں دھکیل دیا۔
نیپال کی بغاوت ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ کیا ہم جمہوریت میں واقعی عوام کو مرکز بنا رہے ہیں؟ یا پھر ہماری پارلیمان اور حکومتیں چند خاندانوں، چند سرمایہ داروں اور چند طاقتور اداروں کی گرفت میں ہیں؟ اگر جمہوریت صرف اقتدار کا کھیل ہے تو اس کا انجام ہمیشہ مایوسی اور بغاوت ہی ہوگا۔ عوام بار بار یہ سوال اٹھائیں گے کہ ان کی قربانیوں کا صلہ انھیں کیوں نہیں ملا ؟ وہ کیوں اب بھی اندھیروں میں ہیں جب کہ اقتدار کے ایوان روشنیوں سے جگمگا رہے ہیں؟
میں اکثر سوچتی ہوں کہ جب کسی غریب کا بچہ اسکول جانے کے بجائے مزدوری کرنے پر مجبور ہو، جب کسی کسان کی فصل کا سارا نفع بیچولیے اور آڑتی لے جائیں، جب ایک ماں اپنے بچوں کا علاج نہ کرواسکے تو ایسی جمہوریت کا کیا مطلب رہ جاتا ہے؟ کیا یہ جمہوریت ہے یا ظلم کے ایک نئے چہرے کا نام؟ یہ سوال صرف نیپال کا نہیں یہ سوال پاکستان کا بھی ہے، بھارت کا بھی، اور دنیا کے ہر اس خطے کا جہاں عوام جمہوریت کے نام پر دھوکا کھا رہے ہیں۔
نیپال کے حالیہ بحران نے ہمیں یہ سبق دیا ہے کہ جمہوریت محض ووٹ ڈالنے اور حکومت بنانے کا عمل نہیں۔ یہ ایک مسلسل جدوجہد ہے جب تک جمہوریت عوام کی اکثریت کو تعلیم، صحت، روزگار اور وقار نہیں دیتی تب تک یہ جمہوریت نہیں بلکہ اس کا مذاق ہے۔ ہمیں یاد رکھنا ہوگا کہ جمہوریت کی اصل روح صرف اس وقت زندہ رہتی ہے جب حکومت اکثریت کے دکھوں کو اپنا دکھ سمجھے۔ ورنہ وہ دن دور نہیں جب عوام خواہ وہ نیپال کے ہوں یا پاکستان کے ایک بار پھر اپنی گلیوں اور سڑکوں پر نکل آئیں گے اور ان سے ان کی اصل طاقت چھیننے والوں کو بے نقاب کر دیں گے۔