کراچی، سپر ہائی وے پر افسوسناک حادثہ، ایمبولینس کھائی میں گرنے سے مریض جاں بحق، تین افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 25th, June 2025 GMT
کراچی:
سپر ہائی وے پر براق پمپ کے قریب ایک ایمبولینس کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
حادثہ مریض کو نواب شاہ سے کراچی منتقل کرنے کے دوران پیش آیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت علی محمد کے نام سے ہوئی ہے، جو خود مریض تھا اور کراچی کے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سوگدار، مینا ز اور وقار شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کارروائیاں شروع کی گئیں۔ کھائی میں گری ایمبولینس کو نکالنے کے لیے بھی بھاری مشینری طلب کی گئی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، بنارس پل پر ٹریفک حادثہ، خاتون شدید زخمی، دو نوجوان گرفتار
کراچی:شہر قائد کے علاقے بنارس پل پر دو موٹرسائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمی خاتون اپنے بیٹے کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار تھیں کہ پیچھے سے آنے والی ایک تیز رفتار موٹرسائیکل نے انہیں ٹکر ماری۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ ٹکر مارنے والی موٹرسائیکل پر سوار نوجوان ون ویلنگ کرتے ہوئے آرہے تھے، واقعے کے بعد عوام نے ون ویلنگ کرنے والے لڑکے کو گھیر کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق ایک موٹرسائیکل پر دو نوجوان سوار تھے، جنہیں موقع پر پہنچ کر حراست میں لے لیا گیا اور تھانے منتقل کیا گیا ہے۔
حادثے کے دوران اوور اسپیڈنگ اور ون ویلنگ کرنے والوں کی موٹرسائیکل کو بھی شدید نقصان پہنچا۔