پختونخوا میں گرمی کی شدت برقرار، کچھ اضلاع میں تیز ہواؤں کیساتھ بارش کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 25th, June 2025 GMT
خیبر پختونخوا میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جب کہ کچھ اضلاع میں محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جب کہ میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
صوبے کے مختلف علاقوں میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔
موسمیاتی ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ دیر بالائی، دیر زیریں، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام، شانگلہ اور کوہستان کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اسی طرح تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم، مہمند، خیبر اور اورکزئی میں بھی کہیں کہیں بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات موجود ہیں۔ جنوبی و شمالی وزیرستان اور چترال کے بعض مقامات پر بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
گرمی کی شدت کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ روز پشاور اور بنوں میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ ڈیرہ اسماعیل خان کا درجہ حرارت 44 ڈگری تک جا پہنچا۔ تیمرگرہ اور دروش میں 39، چترال اور تخت بھائی میں 41، دیر بالا میں 38، کالم میں 30 اور مالم جبہ میں 28 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری دھوپ سے بچنے اور بارش کے دوران نچلے علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: محکمہ موسمیات کے ساتھ بارش تیز ہواؤں گرمی کی
پڑھیں:
لاہور میں آج موسم ابرآلود، بارش کا کتنا امکان؟
لاہور میں آج زیادہ تر موسم ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
مون سون سسٹم کے تحت آج صبح لاہور میں سب سے زیادہ بارش فرخ آباد میں 40 اور گلشن راوی میں 34 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سگیاں پل پر 34 اور سمن آباد میں 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ گزشتہ دو سے تین روز کے دوران بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی آگئی اور موسم خوش گوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، مون سون کی بارشوں کا یہ سلسلہ 26 جولائی تک جاری رہے گا۔