data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ملک بھر میں منشیات کی روک تھام، حکومت کی طبی و تعلیمی سرگرمیوں کی عوامی نگرانی اور معاشرتی اصلاح کی دیگر سرگرمیوں کے آغاز کا اعلان کردیا۔ اصلاح معاشرہ کے اہداف کے حصول کے لیے ملک بھر میں یونین کونسل کی سطح تک عوامی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ منصورہ میں ملک بھر کے تنظیمی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ عوامی کمیٹیاں سرکاری محکموں، پولیس کے کاموں میں مداخلت کے بجائے تعاون کے جذبے کے تحت کام کریں گی اور محکموں میں کسی بھی خرابی کو پرامن عوامی ذرائع سے اجاگر کیا جائے گا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی کے علاوہ دیگر مرکزی قائدین بھی
شریک تھے جبکہ زوم کے ذریعے ملک بھر سے ایک ہزار سے زاید رہنما شریک ہوئے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سیاست کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی معاشرتی اصلاح اور دعوت کا کام بھی بھرپور طریقے سے جاری رکھے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ممبرسازی مہم کے نتیجے میں پورے ملک سے لاکھوں نئے افراد جماعت اسلامی میں شامل ہوئے، ان نئے ممبران کو عوامی کمیٹیوں میں شامل کیا جائے گا اور مختلف ذمے داریاں تفویض کی جائیں گی۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے کہا کہ تحصیلوں کی سطح پر فوری طور ممبرز کنونشنز کا انعقاد کیا جائے تاکہ عوامی کمیٹیوں کی تشکیل کے عمل کو جلد ازجلد عملی جامہ پہنایا جاسکے۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ عوامی کمیٹیوں میں نوجوانوں کو شمولیت کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں سے رابطے، مصالحتی انجمنوں کا قیام، کسانوں کی ترجمانی مساجد کی صفائی ستھرائی اور دیگر کاوشیں بھی عوامی کمیٹیوں کی تشکیل کے مقاصد اور اہداف میں شامل ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر عوامی کمیٹی میں مصالحتی انجمن تشکیل دی جائے جس میں مقامی علما، اساتذہ، ڈاکٹرز اور دیگر نمایاں اور نیک نام شخصیات کو شامل کیا جائے۔ عوامی کمیٹیاں کھیلوں کے مقابلے اور ٹیلنٹ ایوارڈز کے پروگراموں کا انعقاد کریں۔ خواتین کے لیے تربیتی نظام کی فراہمی، آبادی کے اسکولوں کی نگرانی، طبی مراکز سے رابطے اور عوام الناس کو صحت کی سہولیات کی دستیابی بھی عوامی کمیٹیوں کے اغراض و مقاصد میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلع اور تحصیل کی سطح پر جماعت اسلامی یوتھ کو عوامی کمیٹیوں کی تشکیل کے اہداف دیے جائیں۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: حافظ نعیم الرحمن عوامی کمیٹیوں جماعت اسلامی کیا جائے ملک بھر

پڑھیں:

حکمران ٹرمپ کی چاپلوسی اور خوشامد میں مصروف ہیں،حافظ نعیم

عوام حکمرانوں سے سوال کریں وہ اسرائیل امریکاکی مذمت کیوں نہیں کرتے؟ امیر جماعت اسلامی
ہم دوریاستی حل کی تجویز کومسترد کرتے ہیں، صمود فلوٹیلا کے گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے، خطاب
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے نائب وزیراعظم اسحق ڈار کی جانب سے مسئلہ فلسطین کے دوریاستی حل کو پاکستان کی ریاستی پالیسی قرار دیے جانے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ حکمران بتائیں یہ پالیسی کس فورم پر یا پارلیمنٹ میں طے کی گئی ہے۔ حکمران ٹرمپ کی چاپلوسی اور خوشامد میں مصروف ہیں، دوریاستی حل کی تجاویز اسی ضمن میں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا ہے پاکستان اور اس کے عوام صرف اور صرف ریاست فلسطین کے قیام کے حامی ہیں۔فلسطین پر قابض اسرائیل کو تسلیم کرنے بارے کوئی حکمران نہ سوچے اور نہ ہی قوم ایسا اقدام کرنے کی اجازت دے گی۔ جمعہ کو مانسہرہ میں الخدمت کی بنو قابل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ فرسودہ نظام کو بدلنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔پاکستان سے مایوس ہونے کی کوئی وجہ نہیں، نوجوان فرسوہ نظام اور وسائل پر قابض مٹھی بھر حکمران اشرافیہ کے خلاف پرامن مزاحمت کریں۔الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام بنوقابل انٹری ٹیسٹ میں بچوں اور بچیوں کی بڑی تعداد نے مفت آئی ٹی کورسز میں داخلہ کے لیے امتحان دیا۔ امیر جماعت اسلامی نے پروگرام کے دائرہ کار کو ملک بھر میں توسیع دینے، دس لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی تربیت فراہم کرنے اور مختصر کورسز کے علاوہ ڈگری پروگرام شروع کرنے کے اعلانات کیے۔ حافظ نعیم نے کامیاب ٹیسٹ کے انعقاد پر جماعت اسلامی کی مقامی ٹیم اور الخدمت کی تحسین کی اورمبارکباد دی۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج جماعت اسلامی کی اپیل پر ملک بھر میں اسرائیل کے خلاف احتجاج ہورہا ہے،ٹرمپ کا نام نہاد غزہ امن معاہدہ دہشت گرد اسرائیل کی سرپرستی اور حماس کے خاتمے کا منصوبہ ہے، صہیونی قابض ریاست امریکی سرپرستی میں غزہ میں بچوں کا قتل عام کررہی ہے، اس نے صمود فلوٹیلا پر حملہ کیا اور امدادی کارکنوں کو یرغمال بنایا، گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکمران ٹرمپ کی چاپلوسی اور خوشامد میں مصروف ہیں، دوریاستی حل کی تجاویز اسی ضمن میں دی جارہی ہیں۔جماعت اسلامی، پاکستان کے عوام حکومت کی تجاویز کو مسترد کرتے ہیں، حکمران جان لیں وہ امریکہ کے غلام ہوسکتے ہیں، غیور پاکستانی نہیں۔ قوم حماس اور اہل فلسطین کے ساتھ ہے۔ ملک میں اس وقت صرف جماعت اسلامی امریکہ کے خلاف مزاحمت کررہی ہے، عوام حکمرانوں اور سیاسی پارٹیوں کے راہنماؤں سے سوال کریں کہ وہ اسرائیل اور امریکہ کی مذمت کیوں نہیں کرتے؟حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ تعلیم ہر شہری کا حق اور ریاست کی ذمہ داری ہے، ہم حکمرانوں کو مجبور کریں گے کہ عوام کو تعلیم و صحت کے ساتھ تمام دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائیں، یہ خیرات نہیں، قوم کا حق ہے اور لوگ اس کے لیے ٹیکس دیتے ہیں۔ملک میں یکساں نظام تعلیم چاہتے ہیں، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہونا چاہیے۔ جماعت اسلامی اپنے تئیں عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے، بنو قابل خدمت کے سفر کا ایک جز ہے۔

متعلقہ مضامین