ایرانی قوم پاکستانی عوام کے برادرانہ جذبے اور حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گی: رضا امیری مقدم
اشاعت کی تاریخ: 26th, June 2025 GMT
---فائل فوٹو
پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایرانی قوم پاکستانی عوام کی جانب سے برادرانہ جذبے اور حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صہیونی رجیم کی ایران پر مسلط کردہ ناحق جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے جس ثابت قدمی اور عزت و وقار کے ساتھ ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر بھرپور یکجہتی اور حمایت کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاریخی اور نہایت اہم موقع پر جب عظیم ایرانی قوم ایک باوقار اور فیصلہ کن فتح کا جشن منا رہی ہے، اس موقع پر پاکستانی حکومت اور عوام بالخصوص صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور پاکستان کی قومی اسمبلی و سینیٹ کے اراکین، علمائے کرام، سیاسی جماعتوں اور میڈیا اداروں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اصولی اور بہادرانہ مؤقف اختیار کیا۔
ایران اور اسرائیل کی جانب سے 12 روزہ جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق 12روزہ جنگ کے دوران ایران میں فوجی افسران اور جوہری سائنسدانوں سمیت 400 سو سے زائد شہادتیں ہوئیں۔
ایرانی سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی وزارتِ خارجہ کا بھی شکریہ جس نے اقوامِ متحدہ، سلامتی کونسل اور اسلامی تعاون تنظیم جیسے عالمی فارمز پر ایران کی مستقل اور بھرپور حمایت کی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے عوام و حکومتیں تاریخ کے ہر دور میں یکجہتی، بھائی چارے اور تعاون کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی رہی ہیں۔
سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ یہ عظیم فتح مسلم امہ کی اجتماعی یادداشت میں ہمیشہ کے لیے فخر، طاقت، خود اعتمادی، حوصلے اور حق کی باطل پر فتح کی ایک روشن علامت کے طور پر نقش ہو جائے گی۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
پاک افغان کشیدگی: ایران نے ثالثی و مصالحت کی پیشکش کردی
تہران: (نیوزڈیسک) ایران نے پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان ثالثی و مصالحت کی پیشکش کردی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ ایران مصالحت کے لیے ہر ممکن مدد کو تیار ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیلی فون پر اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اوربین الاقوامی امورپرتبادلہ خیال کیا۔
ایرانی وزیرخارجہ نے پاکستان اورافغان طالبان کےدرمیان ثالثی ومصالحت کی پیشکش کی اور دونوں ممالک کے قدیم اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا، ایران کی جانب سے افغانستان اورپاکستان کے درمیان کشیدگی پر تشویش کا بھی اظہار کیا گیا۔
ایرانی وزیرخارجہ نے زور دیا کہ دونوں ممالک کوبات چیت جاری رکھنی چاہیے، ایران ہرممکن مددکے لیے تیار ہے تاکہ دونوں ممالک میں امن ومصالحت قائم ہوسکے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے ٹیلی فونک گفتگو میں افغانستان کے ساتھ حالیہ مذاکرات اور موجودہ حالات پر روشنی ڈالی، علاقائی امن واستحکام کا برقرار رہنا نہایت اہم ہے، فریقین نے اس معاملے پر رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔