ایران پر مزید حملے روکنے کی قرارداد امریکی سینیٹ میں مسترد، ٹرمپ کا مؤقف برقرار
اشاعت کی تاریخ: 28th, June 2025 GMT
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر مزید حملے روکنے سے متعلق ڈیموکریٹک پارٹی کی قرارداد سینیٹ میں مسترد کردی گئی ہے۔
ری پبلکن اکثریت رکھنے والی سینیٹ نے یہ قرارداد 53 کے مقابلے میں 47 ووٹوں سے ناکام بنا دی، جس کے بعد ایران پر مزید کارروائی کےلیے کانگریس کی منظوری کی شرط ختم ہوگئی۔
اس قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ایران پر مزید کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے صدر ٹرمپ کانگریس سے اجازت لینے کے پابند ہوں گے، تاہم صدر ٹرمپ پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر دوبارہ حملے سے گریز نہیں کریں گے۔
یاد رہے کہ امریکا نے حالیہ ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت جائز قرار دیا ہے۔ سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں امریکا نے ایران کے خلاف اپنی کارروائی کو اجتماعی دفاع کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا ہدف ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت کو ختم کرنا تھا۔
امریکی موقف کے مطابق ایران کی جانب سے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے اور ان کے استعمال کے ممکنہ خطرے کو روکنا ناگزیر تھا جبکہ واشنگٹن ایران کے ساتھ معاہدے کےلیے اب بھی پرعزم ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایران پر مزید
پڑھیں:
پیوٹن نے جوہری تجربے کی تیاری کا حکم دے دیا، روسی وزارتِ خارجہ کی تصدیق
ماسکو: روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے تصدیق کی ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے ممکنہ جوہری تجربے کی تیاری سے متعلق حکم پر عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
روسی خبر رساں ایجنسی ’تاس‘ (TASS) کے مطابق، سرگئی لاوروف نے کہا کہ “5 نومبر کو سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران صدر پیوٹن کی ہدایت پر عمل جاری ہے اور نتائج سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔”
یہ حکم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس غیر متوقع اعلان کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے امریکہ کی جانب سے جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
لاوروف نے مزید کہا کہ روس کو امریکہ کی جانب سے ٹرمپ کے حکم کی کوئی وضاحت موصول نہیں ہوئی۔
دوسری جانب، حالیہ ہفتوں میں روس اور امریکہ کے تعلقات میں شدید کشیدگی دیکھنے میں آئی ہے۔ ٹرمپ نے یوکرین جنگ کے خاتمے میں ناکامی پر پیوٹن سے طے شدہ سربراہی اجلاس منسوخ کر دیا اور روسی حکومت پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں، جو ان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد پہلی مرتبہ ہیں۔
امریکی صدر ٹرمپ نے 31 اکتوبر کو اعلان کیا تھا کہ امریکہ 33 سال بعد دوبارہ جوہری تجربات شروع کرے گا، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ آیا یہ تجربات روایتی زیرِ زمین جوہری دھماکوں کی صورت میں ہوں گے یا نہیں۔
فلوریڈا روانگی سے قبل ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا:“آپ کو بہت جلد معلوم ہو جائے گا، ہم کچھ ٹیسٹنگ کرنے جا رہے ہیں۔”
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے امریکی فوج کو فوراً جوہری ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے جو کہ چین اور روس جیسے حریف ممالک کے لیے ایک سخت پیغام سمجھا جا رہا ہے۔