سیالکوٹ: 2 کروڑ روپے کی چوری میں ملوث دو خواتین سمیت تین ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 30th, June 2025 GMT
سیالکوٹ:
سیالکوٹ پولیس نے 2 کروڑ روپے کی بڑی چوری کا معمہ چند گھنٹوں میں حل کرتے ہوئے دو خواتین سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے رہائشی ایک شہری نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ گھر سے باہر گیا تھا، اور واپسی پر دیکھا کہ گھر سے لاکھوں روپے نقدی، غیر ملکی کرنسی اور 31 تولے سونا چوری ہو چکا ہے۔
واقعے کے بعد اسمارٹ سیف سٹی سیالکوٹ کے ورچوئل پیٹرولنگ آفیسر نے فوری طور پر سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کی۔ کیمروں کی ریکارڈنگ میں ایک خاتون کو چوری کے بعد رکشے میں سوار ہوکر فرار ہوتے دیکھا گیا۔
سیف سٹی کے جدید اے آئی بیسڈ نمبر پلیٹ ریکگنیشن سسٹم کی مدد سے رکشہ ٹریس کیا گیا جس کے ذریعے ملزمان تک پہنچنا ممکن ہوا۔ تمام شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے سیالکوٹ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے کی نقدی، غیر ملکی کرنسی اور 31 تولے سونا برآمد کر لیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر میں قائم اسمارٹ سیف سٹی سینٹرز کی بدولت جرائم کی فوری تفتیش اور ٹریسنگ ممکن ہو رہی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سیف سٹی
پڑھیں:
کراچی، 6 سالہ بچے کے ساتھ بدفعلی، دو ملزمان گرفتار
کراچی:ملیر سٹی محمدی کالونی میں 6 سالہ بچے کے ساتھ بدفعلی کا واقعہ پیش آیا تاہم پولیس نے دوملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ کراچی کے علاقے ملیر سٹی محمدی کالونی میں 6 سالہ بچے کے ساتھ بدفعلی کے واقعے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ متاثرہ بچےکی والدہ کی مدعیت میں درج کرلیا ہے اور گرفتار ملزمان میں عظیم اور انشال شامل ہیں۔
ملزمان سے متعلق پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تیسرا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا تاہم اس کی تلاش جاری ہے۔