وزیر خزانہ عالمی فنانسنگ فار ڈویلپمنٹ کانفرنس میں شرکت کیلئے سپین روانہ
اشاعت کی تاریخ: 30th, June 2025 GMT
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب چوتھی انٹرنیشنل کانفرنس آن فنانسنگ فار ڈویلپمنٹ میں شرکت کیلئے سپین روانہ ہو گئے ہیں۔کل سے سپین کے شہر سیویل میں منعقدہ اس چار روزہ کانفرنس میں مختلف ملکوں سے رہنمائوں، پالیسی سازوں اور ترقیاتی ماہرین کی ایک بڑی تعداد شریک ہو گی۔ کانفرنس میں ترقی پذیر اور ابھرتی معیشتوں کیلئے پائیدار اور جدید مالیاتی حکمتِ عملیوں کی تیاری اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کو تیز کرنے کی کوششوں پر غورو خوض کیا جائے گا۔وزیر خزانہ اپنے دورے کے دوران کانفرنس کے مرکزی اجلاس میں شریک ہوں گے اور کئی اہم عالمی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔
اشتہار
.ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
چیف جسٹس سے وزیر خزانہ کی ملاقات، قانون کی حکمرانی کیلئے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے عدلیہ اور انتظامیہ کے مابین مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں چیف جسٹس نے انصاف تک رسائی میں بہتری، عدالتی نظام کی جدید کاری، ٹیکس سے متعلق مقدمات کی درجہ بندی کے بارے میں اقدامات کو اجاگر کیا۔ چیف جسٹس نے ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات کے ذریعے سروس ڈیلیوری میں بہتری کے حوالے سے سپریم کورٹ کے جاری اقدامات کو اجاگر کیا، متبادل تنازعات کے حل اے ڈی آر کے نظام کی کامیابی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا، متبادل تنازعات کے حل کا نظام ٹیکس سے متعلق تنازعات کے بروقت حل کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے اس نظام کی حقیقی کامیابی کے لیے حکومتی تعاون کی اہمیت کو ایک بار پھر دہرایا۔ چیف جسٹس نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ اس وقت جوڈیشل اکیڈمی میں عدالتی افسروں اور ایس ای سی پی کے ارکان کے لیے تربیتی سیشنز جاری ہیں، جلد ہی مسابقتی کمشن کے افسروں کو بھی اسی نوعیت کی تربیت دینے کا منصوبہ ہے۔ وفاقی وزیر نے عدلیہ کے اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہا اور عدالتی ترقیاتی منصوبوں کے لیے درکار وسائل کی بروقت فراہمی میں حکومت کے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔