’حضرت امام حسینؓ کی قربانی پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ سرمایہ ہے‘، یومِ عاشور پر صدرِ مملکت اور وزیراعظم کا پیغام
اشاعت کی تاریخ: 6th, July 2025 GMT
یومِ عاشور 1447ھ کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور اسے پوری امتِ مسلمہ کا مشترکہ سرمایہ قرار دیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یومِ عاشور ہمیں قربانی، حق گوئی اور عزم و استقلال کا پیغام دیتا ہے۔ یہ دن امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی عظیم شہادت کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے باطل قوتوں کے خلاف استقامت کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک حق کے متلاشی انسانوں کو راستہ دکھاتی رہے گی۔ کربلا کی داستان صبر، وفا اور ایثار کا وہ درخشاں باب ہے جو ہر دور کے اندھیروں میں روشنی کا چراغ بن کر رہنمائی کرتا ہے۔
مزید پڑھیں:محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات : ایف سی ہیڈکوارٹرز کوئٹہ میں اہم کانفرنس
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ عاشور تاریخ اسلام کا ایک عظیم اور سبق آموز دن ہے، جو ہمیں اصولوں پر ڈٹے رہنے، سچائی کے لیے قربانی دینے اور عدل کے قیام کی عظیم مثال عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا نے میدانِ کربلا میں دین کی سر بلندی اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا، لیکن باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ امام حسینؓ کا پیغام کسی ایک زمانے یا قوم تک محدود نہیں، بلکہ وہ ایک ہمہ گیر اور دائمی پیغام ہے جو آج بھی ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ مسلمان حق کے لیے ڈٹ کر کھڑا ہوتا ہے، مظلوم کا ساتھ دیتا ہے، اور ہر حال میں انصاف کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جب قوم کو معاشی، سماجی اور قومی اتحاد جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں امام حسینؓ کی سیرت سے رہنمائی لینے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں:محرم الحرام میں سیکیورٹی خدشات، پنجاب میں 1421 ذاکرین و مقررین ضلع بند، 809 کی زباں بندی
انہوں نے کہا کہ اگر ہم کربلا کی روشنی میں انفرادی و اجتماعی طور پر اپنی زندگیوں کا جائزہ لیں، تو پاکستان کو ایک فلاحی، بااصول اور باوقار ریاست بنایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ ہمیں اپنے معاشرے کو محبت، رواداری اور خیر خواہی کا گہوارہ بنانا ہوگا۔
یوم عاشور کے موقع پر وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ظلم کے خلاف آواز بلند کریں، حق و صداقت کو اپنا شعار بنائیں اور ملک میں امن و انصاف کے قیام کے لیے عملی کردار ادا کریں۔
آخر میں وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، اتحاد اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھے، ملک کو داخلی و خارجی فتنوں سے محفوظ فرمائے اور ہمیں وہ دانش و حکمت عطا کرے جس سے ہم ایک روشن، مستحکم اور باوقار مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
10 محرم الحرام حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ صدر مملکت آصف علی زرداری کربلا وزیراعظم محمد شہباز شریف یومِ عاشور 1447ھ.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: 10 محرم الحرام حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ صدر مملکت آصف علی زرداری کربلا وزیراعظم محمد شہباز شریف یوم عاشور 1447ھ نے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
صدر مملکت اور وزیراعظم کا جمہوری اقدار کے تحفظ اور فروغ کا عزم
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جمہوری اقدار اور اصولوں کے تحفظ اور فروغ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر مملکت اور وزیراعظم نے جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ جمہوریت سے ہی ہم سماجی و اقتصادی انصاف، آزادیِ اظہار، اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنا سکتے ہیں، جمہوریت ہی وہ نظام ہے جو شہریوں کو بااختیار بناتا ہے، بنیادی حقوق کا تحفظ کرتا ہے اور سیاسی، معاشی و سماجی شمولیت کو فروغ دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری کامیابی 1973 کا آئین ہے جو مساوات اور انفرادی آزادیوں کی ضمانت فراہم کرتا ہے اور قومی یکجہتی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، جمہوریت صرف ایک عمل نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے جو رواداری، مخالف آراء کے احترام اور انفرادی و اجتماعی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ آزمائشوں سے بھرپور رہی ہے لیکن اسے ہمیشہ دوراندیش قائدین کی رہنمائی حاصل رہی ہے جن میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نمایاں ہیں، جن کی قربانیوں نے جمہوری اداروں کی بحالی اور استحکام کی بنیاد رکھی، ان رہنماؤں کا ورثہ ہمیں جمہوری اقدار کے تسلسل کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ صرف جمہوری نظام کے ذریعے ہی مساوات، سماجی و اقتصادی انصاف، اظہارِ رائے کی آزادی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہمیں اپنے جمہوری اداروں کو مزید مضبوط بنانے، مؤثر اصلاحات کرنے اور اجتماعی طور پر جمہوریت کے استحکام کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمہوری اقدار کے فروغ اور تحفظ کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی تاکہ جمہوریت ایک مضبوط، بااختیار اور جامع پاکستان کیلئے رہنما قوت بنی رہے۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ جمہوریت کا عالمی دن ہر سال 15 ستمبر کو دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے تحت منایا جاتا ہے، یہ دن عالمی سطح پر جمہوریت کی نظام حکومت کے طور پر تنوع اور افادیت پر غور و فکر کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت بنیادی طور پر لوگوں کی آواز اور لوگوں کی نظام حکومت میں شمولیت کا نام ہے، پاکستان میں جمہوری نظام حکومت کے نشوونما میں 1973ء کے آئین کی کلیدی اور نمایاں حیثیت ہے، جمہوری اداروں میں پارلیمان کو بنیادی حیثیت حاصل ہے کیونکہ یہ ادارہ عوامی و ملکی مفاد کے تحفظ کیلئے ہر طرح کی قانون سازی کرنے کا مجاز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کے تحت پارلیمنٹ اجتماعی دانش کے مطابق عوامی افادیت کے قوانین پاس کرتی ہے جس پر حکومت عمل درآمد کرتی ہے، 1973ء کا آئین آرٹیکل 25 کے تحت پاکستان کے ہر شہری کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور ان کی قانون کے سامنے برابری کو یقینی بناتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ شہریوں کی انفرادی سطح کے علاوہ آئین پاکستان، تمام صوبوں کو برابری کی حیثیت دیتے ہوئے وفاق میں مؤثر کردار ادا کرنے کی بنیاد رکھتا ہے، آئین پاکستان بنیادی حقوق کو نہ صرف بیان کرتا ہے بلکہ انہیں تحفظ فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان تمام شعبہ ہائے زندگی بالخصوص پارلیمنٹ میں عورتوں کی شمولیت کو بھی یقینی بناتا ہے اور اقلیتوں کی نمائندگی اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھی خصوصی اقدامات ہمارے آئین میں درج ہیں، جن میں اقلیتوں کی پارلیمنٹ میں شمولیت سے لے کر انکی مذہبی آزادی کا تحفظ شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت بنیادی حقوق کا تحفظ، آزادی، سماجی برابری و برداشت، قانون کی حکمرانی اور قومی اتحاد سے کوئی بھی ملک اپنے مسائل حل کر سکتا ہے، دنیا کا کوئی بھی ملک عصر حاضر کے چیلنجز اور مشکلات سے مؤثر طور پر نبرد آزما صرف اسی طور پر ہو سکتا ہے جب بنیادی جمہوری اصولوں کی پیروی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان اقوام متحدہ کے تحت اصولوں اور تمام عالمی معاہدوں میں جمہوری اقدار کی پاسداری اور فروغ کیلئے ہمیشہ کام کرتا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج کے اہم دن پر پاکستان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ جمہوری اصولوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ اور ترقی یافتہ مستقبل کی تعمیر کیلئے عوام، ادارے اور حکومت مل کر کام کریں گے۔
Post Views: 5