راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، واسا کی ہنگامی کارروائیاں، رین ایمرجنسی نافذ
اشاعت کی تاریخ: 6th, July 2025 GMT
اسلام آباد( نیوز ڈیسک)جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات بھر موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف کے مطابق واسا کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے، کمیٹی چوک انڈر پاس اور مری روڈ پر بارش شروع ہوتے ہی مشینری فوری پہنچا دی گئی تھی تاکہ نکاسی آب کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق سیدپور کے مقام پر سب سے زیادہ 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پی ایم ڈی میں 40 ملی میٹر، شمس آباد میں 20 ملی میٹر اور پیر ودھائی میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریا میں خاص طور پر سیدپور کے مقام پر صرف ایک گھنٹے میں 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی کی سطح کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور فی الحال پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 11 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 5 فٹ تک بلند ہوئی تاہم بارش رکنے کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح کم ہو کر دوبارہ 5 فٹ پر آ گئی ہے۔
ایم ڈی واسا نے بتایا کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ادارہ مکمل طور پر تیار ہے اور تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ میں ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر نشیبی علاقوں کا رخ نہ کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر واسا کی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: کے مطابق ملی میٹر نالہ لئی ایم ڈی کی گئی
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔