کئی شہروں میں بارش، کرنٹ لگنے، چھت گرنے سے 4 بچوں سمیت 5 جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 10th, July 2025 GMT
لاہور+ شیخوپورہ+ فیروز والہ+ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) مون سون بارشوں کا زور دار سپیل برقرار ہے۔ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔ اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں گوجرانوالہ، گوجر خان، ملتان اور دیگر شہروں میں بھی بادل جم کر برسے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب،کے پی کے، بلوچستان اور آزادکشمیر میں آئندہ 2 روز کے دوران موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کردی۔ لاہور ضلعی انتظامیہ نے شہر کی خطرناک عمارتوں کی فہرست جاری کر دی جس میں 9 ٹاؤنز میں 59 بوسیدہ عمارتوں کو خطرناک قرار دے دیا گیا۔ 59 خطرناک عمارتوں میں سے 33 داتا گنج بخش ٹاؤن میں واقع ہیں۔ ان 33 میں سے 26 خطرناک عمارتیں پرائیویٹ ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق 59 خطرناک عمارتوں میں سے 46 گھریلو اور 12 کمرشل ہیں جبکہ 22 ایسی ہیں جن کی مرمت ممکن نہیں۔ 44 بوسیدہ عمارتوں میں لوگ رہائش پذیر ہیں۔ خطرناک اور بوسیدہ عمارتوں کو خالی کروانے کے لیے 2 دو نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔ لاہور لاری اڈہ کے علاقے لوہا مارکیٹ میں بارش کے کھڑے پانی میں نہاتے ہوئے نامعلوم 11 سالہ بچے کو کرنٹ لگ گیا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے نعش مردہ خانے منتقل کر کے ورثاء کی تلاش شروع کر دی۔ کوٹ عبدالمالک کے قریب جوہڑ میں نہاتے ہوئے 7 سالہ بچہ ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ بچے کی شناخت فیضان کے نام سے ہوئی۔ نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ شیخوپورہ کے نواحی علاقہ مرزا ورکاں میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 2 سالہ ارحم اور 5 سالہ فاطمہ جاں بحق ہو گئے جبکہ 9 سالہ مریم اور 23 سالہ سدرہ شدید زخمی ہو گئیں۔ اسلام آباد تھانہ کورال کے علاقے میں شدید بارش سے برساتی نالے کے پل سے موٹر سائیکل سوار نوجوان تیز ریلے میں بہہ جانے سے ڈوب گیا۔ 23 سالہ محسن گلبرگ گرین کال سنٹر سے ڈیوٹی ختم کرکے گھر شریف آباد جا رہا تھا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
بلاول کے پنجاب کے شہروں کی صورتحال پر سوالات، مریم اورنگزیب نے ویڈیو جاری کرکے جواب دیدیا
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے سوالات پر پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ویڈیو ثبوت کے ساتھ جواب دیدیے۔آزاد کشمیر کے انتخابی جلسے میں پنجاب کے شہروں کی صورتِ حال پر سوال اٹھاتے بلاول کو پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگ زیب نے ویڈیو جاری کر کے جواب دیا۔ بلاول نے لاہور کے علاوہ پنجاب کے جن شہروں کے حالات پر سوال اٹھایا ، مریم اورنگزيب نے انہی شہروں کی ویڈیو شیرکردی۔مریم اورنگزيب نے پنجاب کے مختلف شہروں کی سڑکوں اور صفائی کی صورتِحال کی ویڈیو شیئر کی۔ وہاڑی اور قصور پر بلاول کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وہاڑی اور قصور کی سڑکوں ، گلیوں اور صفائی کی صورتِ حال کی ویڈیو کے ساتھ دیا۔