کراچی، کباڑ کے بڑے گودام میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, July 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب مچھر کالونی میں واقع کباڑ کے بڑے گودام میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی شدت اس قدر زیادہ ہے کہ شعلے اور دھواں دور دور سے دیکھا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ مقام پر استعمال شدہ کپڑوں، پلاسٹک اور دیگر اشیاء کے کئی گودام موجود ہیں، جہاں اچانک لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے 15 گوداموں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ لگنے کے بعد علاقہ دھوئیں سے بھر گیا اور فضا میں سانس لینا مشکل ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق فائر بریگیڈ کے عملے کو پانی کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ متعدد فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ چکے ہیں تاہم اُن میں موجود پانی ختم ہوگیا ہے اور تاحال واٹر ٹینکرز موقع پر نہیں پہنچ سکے۔
فائر فائٹرز اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے مزید فائر ٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں، تاہم پانی کی فراہمی میں رکاوٹیں ریسکیو آپریشن کو متاثر کر رہی ہیں۔
جائے وقوعہ پر پولیس اور رینجرز کی نفری موجود ہے، ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی جبکہ آگ کے باعث جانی نقصان کی بھی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، شادی کے دن پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والا دلہا 5 دن بعد گھر واپس پہنچ گیا
کراچی:شہر قائد کے علاقے کورنگی نمبر چار مدینہ کالونی سے 11 ستمبر کو پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والا دلہا جہانزیب بالآخر گھر واپس پہنچ گیا۔
وہ اپنی شادی کے دن تیار ہونے کے لیے قریبی سیلون گیا تھا، تاہم اس کے بعد واپس نہ آیا، جس کے بعد اہلِ خانہ نے اس کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کو دی تھی۔
جہانزیب کی پراسرار گمشدگی نے اہلِ علاقہ اور سوشل میڈیا پر تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔
تاہم پانچ دن بعد وہ اچانک واپس گھر پہنچا۔ پولیس کے مطابق جہانزیب سے اس کی گمشدگی کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے، مگر تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچا گیا۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اس وقت جہانزیب کی ذہنی اور جسمانی حالت ایسی نہیں کہ وہ کچھ بتا سکے۔ ان کے مطابق ہم اس وقت کوئی تفصیل فراہم نہیں کرسکتے، جہانزیب ابھی بات کرنے کی حالت میں نہیں ہے۔