روس کے یوکرین پر فضائی حملے؛ حاملہ خاتون اور قیدیوں سمیت 27 افراد ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 29th, July 2025 GMT
روس نے یوکرین کے جنوب مشرقی علاقوں پر تابڑ توڑ فضائی حملے کیے جس میں مجموعی طور پر 27 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کی فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ روس نے ایک ہی رات میں 37 ڈرون اور 2 میزائل داغے جن میں سے 32 ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا تھا۔
روس کے یوکرین پر فضائی حملے میں سب سے زیادہ جانی نقصان زاپوریزہیا میں ہوا جہاں ایک جیل کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
روس کے یوکرین کی اس جیل پر فضائی حملے میں کم از کم 16 قیدی ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے جن میں 11 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
خارکیف کے شمال مشرقی علاقے میں ایک گاؤں میں دکان کو نشانہ بنایا گیا۔ پانچ افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
جنوبی خرسون علاقے میں بھی ایک شہری ہلاک اور تین زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
علاوہ ازیں شہر کامیانکے میں روسی میزائل حملے میں ایک حاملہ خاتون سمیت تین افراد جب کہ سینیلنیکوو ضلع میں ایک شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اسی طرح ادیسا ریجن کے گاؤں ویلیکا میخائیلیوکا میں ایک 75 سالہ خاتون جاں بحق اور ایک 68 سالہ مرد زخمی ہوگیا۔
یوکرین پر یہ تازہ حملے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی روس کو دی گئی نئی مہلت کے ایک دن بعد کیے گئے، جس میں کہا گیا تھا کہ روس کو 10 سے 12 دن میں جنگ ختم کرنے پر آمادہ ہونا ہوگا ورنہ مزید سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب روس کے جنوبی علاقے روستوف میں یوکرین کے ڈرون حملوں میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ رات بھر میں 74 ڈرون مار گرائے گئے، جن میں سے 22 صرف روستوف ریجن میں تباہ کیے گئے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: فضائی حملے زخمی ہوگئے ہلاک اور میں ایک روس کے
پڑھیں:
ترکیہ؛ ہوٹل آتشزدگی میں 78 ہلاکتیں اور 137 زخمی؛ مالک سمیت 11 افراد کو عمر قید
ترکیہ کے ایک ہوٹل میں ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی وجہ مالکان اور عملے کی غلفت کے طور پر سامنے آئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں سال کے آغاز پر اس افسوسناک واقعے میں 34 بچوں سمیت 78 افراد جاں بحق اور 137 زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے کی تحقیقات کے دوران ہوٹل انتطامیہ کی غفلت سامنے آنے پر ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے جس پر آج عدالت نے سزا سنا دی۔
ترکیہ کی صوبائی عدالت نے 12 منزلہ ہوٹل آتشزدگی کیس میں مالک سمیت 11 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ ہوٹل کی انتظامیہ سنگین غفلت کی مرتکب پائی گئی جس کا مرکزی ذمہ دار مالک ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ہوٹل میں ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے تھے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ہوٹل میں احتیاطی تدابیر کا بھی فقدان تھا اور عملہ بھی غیر تجربہ کار تھا جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔
عدالت اس بات پر زور دیا کہ ہوٹل کے اجازت نامے جاری کرتے ہوئے سرکاری محکموں نے بھی غفلت کا مظاہرہ کیا۔