ایشیا کپ میں پاکستان سے نہ کھیلنا بھارت کو کیسے بھاری پڑسکتا ہے؟
اشاعت کی تاریخ: 30th, July 2025 GMT
کراچی:ماہرین نے واضح کیا ہے کہ بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کیا تو پوائنٹس گرین شرٹس کو مل جائیں گے۔
ایشیا کپ میں پاکستان سے میچ پر بھارت میں شورشرابا جاری ہے، بھارت نے اپنی حکومت سے اجازت ملنے کے بعد ایشیا کپ میں شرکت اور پاکستان کے ساتھ میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی تھی جس کے بعد ایشیائی شوپیس ایونٹ کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا گیا۔
ایونٹ یواے ای میں 9 سے 28 ستمبر تک کھیلا جائے گا، اس میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی، گروپ اے میں شامل پاکستان اور بھارت کا کم سے کم 2 اور زیادہ سے زیادہ 3 مرتبہ سامنا ہوسکتا ہے۔
بھارت میں کچھ حلقے بدستور پاکستان کے خلاف اپنی ٹیم کے میچ کی مخالفت کررہے ہیں، گزشتہ دنوں بی سی سی آئی ذرائع نے واضح بھی کردیا تھا کہ میزبان ہونے کے ناطے بھارت ٹورنامنٹ سے دستبردار نہیں ہوسکتا، نہ ہی وہ پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کرسکتا ہے.
اس کے باوجود سوشل میڈیا پر شورشرابا جاری ہے، کچھ لوگوں کی کوشش ہے کہ جس طرح ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان اور بھارت چیمپئنز کا میچ منسوخ کرایا گیا، اسی طرح ایشیا کپ میں بھی روایتی حریفوں کے مقابلے کو سبوتاژ کردیں۔
بڑھتے ہوئے دباؤ کے جواب میں بھارتی وزارت کھیل نے واضح کیا کہ چونکہ ابھی تک پارلیمنٹ سے نیشنل اسپورٹس گورننس بل منظور نہیں ہوا اس لیے بی سی سی آئی ہمارے تابع نہیں ہے، ہم اس معاملے پر کچھ بھی نہیں کہہ سکتے، صرف انتظار کرتے ہوئے دیکھیں گے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ عوامی جذبات کا کیسے جواب دیتا ہے۔
ادھر بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت کے پاس ایشیا کپ میں پاکستان سے میچ فورفیٹ کرنے کا اختیار موجود ہے لیکن اس صورت میں ٹیم کو اہم پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا، قوانین کے تحت اسے واک اوور تصور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ کوئی باہمی سیریز نہیں جس میں کھیلنے سے انکار کردیا جائے، ملٹی ٹیم ٹورنامنٹ میں بھارت میچ فورفیٹ نہیں کرسکتا، اگر ایسا کیا تو پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ Post Views: 8
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ایشیا کپ میں پاکستان پاکستان کے
پڑھیں:
پاکستان میں ایشیا کپ کے میڈیا رائٹس کیلئے بھارتی براڈ کاسٹر نے 12 ملین ڈالر طلب کر لیے
کراچی:پاکستان میں ایشیا کپ کے میڈیا رائٹس تاحال فروخت نہیں ہوسکے، بھارتی براڈ کاسٹر نے 12 ملین ڈالر طلب کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا انعقاد 9 سے 28 ستمبر تک یو اے ای میں ہوگا، اس میں 19 میچز ہونے ہیں، فائنل میں رسائی کی صورت میں 3 پاک بھارت مقابلے متوقع ہیں، گزشتہ برس ایشین کرکٹ کونسل کے 2024 سے 2031 تک 8 سالہ میڈیا رائٹس 170 ملین ڈالر (تقریباً 47 ارب 26 کروڑ پاکستانی روپے) میں سونی انڈیا کو فروخت کیے گئے تھے۔
اس میں مینز، ویمنز کے 4،4 ایشیا کپ اور ایمرجنگ سمیت 119 میچز شامل ہیں، ان دنوں پاکستان میں حقوق کی فروخت کیلیے بات چیت جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی براڈ کاسٹر نے 2 ایشیا کپ کیلئے 12 ملین ڈالر طلب کیے ہیں، البتہ اب تک دوڑ میں موجود تینوں میں سے کوئی بھی چینل اتنی بڑی رقم دینے پرآمادہ نہیں ہے۔
ان کے مطابق مارکیٹ ان دنوں اتنی بڑی نہیں کہ بھاری سرمایہ کاری پر منافع کما سکیں، چینلز میں کنسورشیم بنانے پر بھی بات ہوئی ہے، اسی صورت میں سونی کی ڈیمانڈ پوری ہو سکے گی، ورنہ کمی کیلیے بات چیت جاری رہے گی۔
پاکستان میں ایشیا کپ کے ڈیجیٹل رائٹس کا معاہدہ ہو چکا جس کا اعلان پیر کو متوقع ہے، بنگلہ دیش سے حالیہ سیریز میں کافی عرصے بعد سرکاری ٹی وی کو بھی براڈ کاسٹنگ سے منافع ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ اے سی سی میڈیا رائٹس میں پاکستان سے شیئر تقریباً 25 فیصد (42.5 ملین ڈالر) تک ہوتا ہے، ڈیجیٹل رائٹس الگ ہیں، بیشتر رقم (تقریباً 65 فیصد) بھارت سے آتی ہے لہذا ایشیا کپ ہونے کی صورت میں براڈکاسٹر کے وارے نیارے ہی ہونا ہیں۔