معرکہ حق میں شکست کھانے والا بھارت فتنتہ الخوارج و ہند سے ہائبرڈ جنگ کا سہارا لے رہا، فیلڈ مارشل
اشاعت کی تاریخ: 30th, July 2025 GMT
اسلام آباد:
چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت معرکۂ حق میں شکست کھا چکا ہے اور اب فتنہ الخوارج اور فتنہ الہند جیسے پروکسیز کے ذریعے ہائبرڈ وار کا سہارا لے رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 16ویں اجلاس کے شرکاء سے ملاقات اور خطاب کیا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ ‘‘بلوچستان کی ترقی، قومی یکجہتی کی ضمانت ہے۔‘‘
اس ورکشاپ میں اراکین پارلیمنٹ، سول سوسائٹی کے نمائندے، سرکاری افسران، دانشور، صحافی اور نوجوانوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ ’’یہ تمام فتنہ باز عناصر بھی ان شاء اللہ اسی انجام سے دوچار ہوں گے جو انہیں معرکۂ حق میں ملا تھا۔‘‘
آرمی چیف نے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کو پاکستان کی قومی یکجہتی اور استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کی جانب سے دہشتگرد گروہوں کی کھلی سرپرستی کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے محبِ وطن عوام، خاص طور پر بلوچ عوام کی حب الوطنی کو کمزور کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردی کا کوئی مذہب، فرقہ یا نسل نہیں ہوتی، اس لیے اس کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر ایک آواز بننا ہوگا۔ فیلڈ مارشل، اجتماعی قومی عزم کے بغیر دہشتگردی جیسے خطرے سے نمٹنا ممکن نہیں۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں سے تعاون کو مزید بہتر بنانے اور صوبے کی ترقی کے لیے مشترکہ قومی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔
انہوں نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کو بھی دہرایا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ مادرِ وطن کو درپیش کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، قومی وقار اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نشست کا اختتام آرمی چیف اور شرکاء کے درمیان آزادانہ اور بھرپور سوال و جواب کی نشست پر ہوا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: فیلڈ مارشل نے کہا کہ
پڑھیں:
پاکستان اور کینیڈا کا ہائبرڈ بیج، لائیو اسٹاک کی افزائش میں تعاون بڑھانے پر غور
اسلام آباد:پاکستان اور کینیڈا نے ہائبرڈ بیج، لائیو اسٹاک کی افزائش اور فیڈ فارمولیشن میں تعاون بڑھانے پر غور شروع کر دیا۔
پاکستان اور کینیڈا کے درمیان زرعی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے جس کے لیے ایس آئی ایف سی زرعی شعبہ میں ترقی اور جدت کے لیے کوشاں ہیں۔
وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین اور کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان زرعی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں زرعی مشینری کی مقامی تیاری کے لیے مشترکہ منصوبوں کی بھی تجاویز دیں۔
کینولا کی کاشت سے زرعی پیداوار میں جدت، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور عالمی مارکیٹوں تک رسائی ممکن ہوگی۔ کینیڈا کے ساتھ زرعی اور غذائی تحفظ میں شراکت داری سے پاکستان کی برآمدات کو عالمی سطح پر فروغ حاصل ہوگا۔
پاکستان اور کینیڈا نے سرٹیفکیشن، مارکیٹ تک رسائی اور تکنیکی تعاون کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔
ایس آئی ایف سی کی مؤثر پالیسیاں غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کر کے ملکی معیشت کو مزید مستحکم کرنے میں کوشاں ہیں۔