پی ٹی آئی کے 50 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری
اشاعت کی تاریخ: 31st, July 2025 GMT
اسلام آباد:انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 50 اہم رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ یہ وارنٹ کراچی کمپنی تھانے میں درج مقدمے کے سلسلے میں جاری کیے گئے ہیں۔
انسداد دہشت گردی کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ان رہنماؤں کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ جن شخصیات کے خلاف وارنٹ جاری ہوئے ہیں ان میں سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی، سینیٹر شبلی فراز، سینیٹر فیصل جاوید، معروف وکیل سلمان اکرم راجہ، ڈاکٹر رؤف حسن، مراد سعید، احمد نیازی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، حماد اظہر اور عاطف خان شامل ہیں۔
اس کے علاوہ وارنٹ کی فہرست میں شعیب شاہین، سینیٹر اعظم سواتی، سابق وفاقی وزیر عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا، علیمہ خان (عمران خان کی ہمشیرہ)، شیخ وقاص اکرم، کنول شوذب، شاندانہ گلزار اور شیرافضل مروت بھی شامل ہیں۔
یہ اقدام کراچی کمپنی تھانے میں درج ان مقدمات کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے جو 9 مئی 2023 کے پُرتشدد واقعات اور حساس تنصیبات پر حملوں کے حوالے سے درج کیے گئے تھے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
26 نومبر اور 4 اکتوبر احتجاج کیس: غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری
—فائل فوٹواسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان کے خلاف 26 نومبر اور 4 اکتوبر احتجاج کیسز میں غیرحاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے عمر ایوب کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں جبکہ اعظم سواتی کو چالان کی نقول فراہم کر دیں۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے علی بخاری، شعیب شاہین اور دیگر ملزمان کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دیے۔
پراسیکیوشن کی جانب سے ضمانتوں پر تاحال فیصلہ نہ ہونے والے دیگر ملزمان کا بھی چالان جمع کروا دیا گیا۔
جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ پراسیکیوشن بتائے کہ کیا اُن ملزمان کا چالان پیش ہو سکتا ہے جن کی ضمانت پر فیصلہ نہیں ہوا۔
جس کے بعد عدالت نے تھانہ کوہسار اور تھانہ نون کے مقدمات کی سماعت 4 اگست جبکہ تھانہ آبپارہ اور تھانہ ترنول کے مقدمات کی سماعت 11 اگست تک ملتوی کردی۔