علی امین گنڈاپور کا اشتہاری کا اسٹیٹس برقرار، اسلام آباد پولیس کو گرفتار کرنے کا حکم
اشاعت کی تاریخ: 31st, July 2025 GMT
عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے اسلام آباد پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرے، تاہم اگر پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے کوئی حکم موجود ہے تو اس پر بھی عمل درآمد کیا جائے۔ اسلام ٹائمز۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر احتجاج کے مقدمے میں علی امین گنڈا پور کی اشتہاری حیثیت ختم کرنے سے انکار کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ہیں۔ عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے اسلام آباد پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرے، تاہم اگر پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے کوئی حکم موجود ہے تو اس پر بھی عمل درآمد کیا جائے۔ واضح رہے کہ تھانہ انڈسٹریل ایریا میں علی امین گنڈا پور سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج ہے۔ ملزمان پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے بعد اسلام آباد میں احتجاج کرنے کا الزام ہے۔ سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید خان سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے وکلا کی درخواست پر سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت 6 اگست مقرر کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ علی امین گنڈا پور کی عدم پیشی پر ان کی گرفتاری کے احکامات جاری رہیں گے، جب کہ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کرے۔
دوسری جانب انسداددہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف 18 مارچ احتجاج کا کیس میں فیصل آباد سے ایم این اے علی افضل ساہی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ انسداددہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آج تک علی افضل ساہی اس عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے میں پی ٹی آئی کے غیر حاضر دیگر کارکنان کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور سماعت 9 اگست تک ملتوی کردی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: علی امین گنڈا پور وارنٹ گرفتاری اسلام آباد پی ٹی آئی پولیس کو عدالت نے
پڑھیں:
چیلنج ہے سیاسی و جمہوری طریقے سے حکومت گرا کر دکھاؤ: گنڈا پور
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+وقائع نگار) وزیراعلیٰ خیبرپی کے علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ چیلنج ہے سیاسی اور جمہوری طریقے سے حکومت گرا کر دکھاؤ۔ ڈسٹرکٹ کورٹس اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ، 5 اگست کو ملک بھر سے لوگ احتجاج کیلئے نکلیں گے ، بانی رہا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقدمات سے گھبرانے والے نہیں، میرے اوپر جھوٹے اور من گھڑت مقدمات بنائے گئے ہیں، ہم ہمیشہ سے اپنے آپ کو قانون کے سامنے پیش کرتے ہیں۔ میرے خلاف یہ کیس 2016 سے چل رہا ہے ، میرے خلاف جو کیس بنایا گیا ہے اس کیس میں کچھ بھی نہیں ہے ، میرے اوپر اسلحہ اور بوتلیں ڈالی گئی ہیں، جب یہ کیس بنایا گیا میں نہ ہی وہاں موجود تھا نہ ہی وہ گاڑی میری تھی۔ ہماری جنگ حق کی ہے یہ جنگ ہم ہی جیتیں گے ، میں اپنے صوبے میں اس احتجاج کو لیڈ کروں گا۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے پر وزیراعلیٰ خیبرپی کے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے گئے ۔جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کیس پر سماعت کی، علی امین گنڈا پور اپنے وکیل راجہ ظہور الحسن کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ۔ بعدازاں عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپی کے کو جانے کی اجازت دے دی، علی امین گنڈاپور کے ضمانتی کو دیا گیا شوکاز نوٹس بھی واپس لے لیا گیا۔