شاہ فیصل کالونی میں دردناک حادثہ، ریڈ بس کی زد میں آکر خاتون جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 3rd, August 2025 GMT
کراچی:
شاہ فیصل کالونی پل پر پیش آنے والے افسوس ناک ٹریفک حادثے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں اور ان کی کم سن بیٹی زخمی ہوگئیں۔
ایس ایچ او شرافی گوٹھ قمر عباس کے مطابق خاتون اپنے شوہر کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار تھیں کہ شاہ فیصل کالونی سے کورنگی کی جانب جانے والے پل سے نیچے اترتے وقت خاتون کا برقعہ موٹر سائیکل کی چین میں پھنس گیا، جس کے باعث خاتون اپنی پانچ ماہ کی بیٹی سمیت سڑک پر گر گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسی دوران پیچھے سے آنے والی پیپلز بس سروس کے تحت چلنے والی ریڈ بس نے خاتون کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ حادثے کے فوری بعد بس ڈرائیور بس کو جائے وقوع پر چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ریڈ بس کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور پیپلز بس سروس سے ڈرائیور کی تفصیلات حاصل کرکے اس کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ خاتون کی لاش اور بچی کو زخمی حالت میں چھیپا ایمبولنس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں جاں بحق خاتون کی شناخت 30 سالہ اقرا اور 5 ماہ کی بچی کی شناخت صبیحہ خالد کے نام سے ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ بچی کو جناح اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ خاتون کی لاش کا میڈیکل معائنہ کیا گیا۔
ایس ایچ اوتھانہ شرافی گوٹھ نے مزید بتایا کہ حادثے کی اطلاع اتوار کو شام تقریباً 6:40 بجے موصول ہوئی، ابتدائی اطلاعات میں خاتون کے چنگچی رکشے سے گرنے کا ذکر تھا، تاہم تحقیقات سے یہ واضح ہوا کہ خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار تھیں اور چین میں برقعہ پھنسنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ متوفیہ کے اہل خانہ بغیر کسی قانونی کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے جبکہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
ترجمان چھیپا ویلفیئر چوہدری شاہد کے مطابق حادثے کے سبب متوفیہ خاتون کے سر پر شدید نوعیت کے زخم آئے جبکہ شیر خوار بچی کے جسم پر بھی مختلف حصوں پر خراشیں آئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: نے بتایا کہ ایس ایچ
پڑھیں:
پاکستان میں اسمارٹ فون کا استعمال 62 سے بڑھ کر 72 فیصد تک پہنچ گیا، وزیراعظم کو بریفنگ
اسلام آباد:پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کا تناسب 2024ء میں 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026ء میں 72 فیصد ہوگیا، وزیراعظم نے ملک بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مزید بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی کارکردگی پر اجلاس ہوا جس میں ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ ، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیر تعلیم خالد مقبول، وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موبائل اسپیکٹرم کی دستیابی جون 2025ء میں 274 میگا ہرٹز سے بڑھ کر جون 2026ء میں 880 میگا ہرٹز ہوگئی، موبائل اسپیکٹرم میں اضافے سے انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وزیراعظم کو "کنیکٹ پاکستان وژن 2030ء " کے اجراء کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا ہے کہ باغ، آزاد جموں و کشمیر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مکمل ہو چکا ہے، پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کا تناسب 2024ء میں 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026ء میں 72 فیصد ہوگیا، جون 2026ء تک 5.1 ملین گھروں میں فکسڈ براڈ بینڈ /فائبر کنکشن دئیے گئے، حکومتی اقدامات کی بدولت پچھلے مالی سال آئی ٹی کے شعبے میں ہوئی برآمدات میں فری لانسرز کا حصہ 1164.7 ملین ڈالر رہا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے تحت حکومت پاکستان کی 130 سروسز کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے، پچھلے مالی سال آئی ٹی کے شعبے میں 942,646 تربیتی سرٹیفکیٹس دیئے گئے جن میں 5053 ہائے اینڈ تربیتی پروگرام منعقد ہوئے ؛ لیڈرشپ اور سافٹ اسکلز کی 2700 ٹرینینگز کا انعقاد ہوا، ویمن انوویشن اینڈ اسٹارٹ اپ ایمپاورمنٹ لیب کے منصوبہ کا افتتاح جلد ہی ہوگا۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چینی کمپنی علی بابا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تحت وفاقی حکومت کی کئی وزارتوں اور اداروں میں مصنوعی ذہانت کی نفاذ اور اس حوالے سے کئی منصوبے اور تربیتی سیشنز منعقد کئے جا رہے ہیں۔
بتایا گیا کہ سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن، وزارت ریلوے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی، وزارت قومی غذائی تحفظ ، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پاکستان سنگل ونڈو، وزارت قومی غذائی تحفظ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان، پاکستان پوسٹ، وفاقی ترقیاتی ادارہ، وزارت بحری امور اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں علی بابا مصنوعی ذہانت کے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سالانہ آئی ٹی برآمدات 21 فیصد اضافے کے ساتھ 4.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تمام ٹیم کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ حکومت کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لیے لئے جانے والے اقدامات پالیسیوں کا ثمر ہے، ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، آئی ٹی کے شعبے میں دیئے جانے والے تربیتی کورسز کی معتبر تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے، آئی ٹی کے شعبے میں تربیت کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے ملک بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔