سٹاک مارکیٹ کے ریکارڈ حد عبور کرنے پر وزیراعظم کا اطمینان: اسلام آباد میں شدید بارش، نگرانی کیلئے کمیٹی قائم
اشاعت کی تاریخ: 7th, August 2025 GMT
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس ایک لاکھ 45 ہزار پوائنٹس کی حد کو عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں تیزی سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے۔ کاروبار اور سرمایہ کاری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ایف بی آر میں اصلاحات سے ٹیکس نظام میں بہتری اور کاروباری برادری کو سہولت ملی۔ وزیراعظم نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان کی معاشی سمت بہتر اور معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد کے متعدد علاقوں میں بارش کے بعد نالوں سے متصل رہائشی علاقوں میں سیلابی کیفیت کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کو لوگوں کو ریسکیو کرنے اور نکاسی آب کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ندی نالوں کے گرد و نواح میں نشیبی علاقوں میں مقیم آبادیوں کیلئے حفاظتی اقدامات، پانی سے پھیلنے والے امراض سے تحفظ کیلئے شعبہ صحت کو بھی ہائی الرٹ پر رہنے اور اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے سیلابی صورتحال اور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے و امدادی کارروائیوں کی نگرانی کیلئے کمیٹی قائم کردی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر میں سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے عالمی معیار کو ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جناح میڈیکل کمپلیکس آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کے مریضوں کیلئے عالمی معیار کا ہسپتال ہوگا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے مختلف بلاکس کو صوبوں سے منسوب کیا جائے۔ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر، سٹاف کی بھرتیوں میں شفافیت و میرٹ کو اولین ترجیح دی جائے۔ تعمیری کام کے معیار کو اولین بنانے اور شفایت کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کے دبائو کو کم کرنے کیلئے اسلام آباد میں پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے نظام کی بہتری کا منصوبہ پیش کیا جائے۔ اللہ کے فضل و کرم سے پی کے ایل آئی بہترین طریقہ سے مریضوں کی خدمت کر رہا ہے۔ جناح میڈیکل کمپلیکس کو پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر (پی کے ایل آئی) سے بھی بہتر اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ ہسپتال بنائیں گے۔ انہوں نے ہسپتال میں جینٹوریل سمیت تمام دیگر متعلقہ سروسز میرٹ پر آئوٹ سورس کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ہسپتال کے کنسپٹ ڈیزائن، بورڈ کی تشکیل، اراضی اور ہسپتال سے متصل مجوزہ کمرشل سینٹر کے حوالے سے پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں میں دفتری اوقات کار اور وقت کی پابندی نہ کرنے کا سخت نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم نے تمام افسران اور ملازمین کو دفتری اوقات کی سختی سے پاسداری کرنے کا حکم دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی سیکرٹریز اور اداروں کے سربراہان لازمی خود وقت کی پابندی کی مثال قائم کریں۔ قبل ازیں مارگلہ کے پہاڑوں پر بارش کے بعد برساتی نالے بپھر گئے جس کے باعث کچھ علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی۔ پانی میں علاقہ مکینوں کا تمام سامان اور فرنیچر بہہ گیا۔ لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے جبکہ گاڑیاں بھی پانی میں پھنس گئیں۔ برساتی نالوں میں طغیانی کے باعث کری گاؤں پل کے حفاظتی بند متاثر ہوئے۔ برساتی نالے میں جانور اور گھریلو سامان بہہ گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے پنجاب، خیبرپی کے اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ادھر بالائی وادی نیلم کے علاقے جمگر میں رات گئے بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنس جانے والے 10 سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
آئی ایم ایف کی شرط پر ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز کی مصنوعات مقامی مارکیٹ کو فروخت نہ کرنے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف)کی شرائط کے تحت ستمبر 2026 سے ایکسپورٹ پراسسنگ زونز کی پیداوار مقامی مارکیٹ میں فروخت کرنے کی اجازت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان زونز کو اپنی 100 فیصد پیداوار برآمد کرنا ہوگی۔
وفاقی وزارت خزانہ حکام کے مطابق آئی ایم ایف کی شرط کے تحت ستمبر 2026 سے ایکسپورٹ پراسسنگ زونز کی پیداوار مقامی مارکیٹ میں فروخت کرنے کی اجازت ختم کر دی جائے گی اور ان زونز کو اپنی 100 فیصد پیداوار برآمد کرنا ہوگی۔
حکام کا کہنا تھا کہ اس وقت ایکسپورٹ پراسسنگ زونز کو اپنی 20 فیصد پیداوار مقامی مارکیٹ میں فروخت کرنے کی اجازت حاصل ہے تاہم آئی ایم ایف نے اس رعایت کو برقرار رکھنے کی حکومتی درخواست مسترد کر دی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق حکومت نے مزید ایکسپورٹ پراسسنگ زونز کے قیام کی اجازت کی بھی درخواست کی تھی تاہم آئی ایم ایف نے اسے بھی قبول نہیں کیا۔
حکام نے بتایا کہ حکومت آئندہ اقتصادی جائزے کے دوران دوبارہ درخواست کرے گی کہ مقامی مارکیٹ میں 20 فیصد پیداوار فروخت کرنے پر پابندی عائد نہ کی جائے۔
وزارت خزانہ کے مطابق مقامی مارکیٹ میں پیداوار فروخت کرنے کی چھوٹ ختم کرنے کی تجویز فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کو بھی بھجوائی جا رہی ہے۔