پی ٹی اے: سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کے لیے نیا لائسنس تیار
اشاعت کی تاریخ: 9th, August 2025 GMT
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔ سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کے لیے سنگل لائسنس جاری کیا جائے گا، سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی اجازت دینے کے لیے نیا لائسنس تیار کر لیا گیا ہے۔
پی ٹی اے ذرائع کے مطابق سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کا لائسنس ٹیلی کام پالیسی 2015 کی روشنی میں تیار کیا گیا، نئے لائسنس کے بعد سیٹلائٹ کمپنیوں کو اب لوکل لوپ لائسنس لینے کی ضرورت نہیں رہے گی، سیٹلائٹ انٹرنیٹ کمپنیوں کو اب پورے پاکستان کے لیے 14 کے بجائے 1 لائسنس ملے گا۔
لائسنس صرف PSARB کے ساتھ رجسٹرڈ سیٹلائٹ کمپنیوں کو جاری کیا جائے گا۔ سٹار لنک نے سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کے لیے 14 لوکل لوپ لائسنسز کے لیے درخواست دے دی ہے، سٹار لنک کے پاس 14 ایل ڈی آئی لائسنسوں کی بجائے ایک لائسنس لینے کا اختیار بھی ہو گا، نئے لائسنس کے بعد بھی ایل ڈی آئی کمپنیوں کے پرانے لائسنس برقرار رہیں گے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کے لیے
پڑھیں:
چینی کمپنیوں کا پنجاب میں مینوفیکچرنگ شروع کرنے کا عندیہ
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے چین کی 2 بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے حکام نے پیسک ہاؤس میں ملاقات کی جس میں چین کے سرمایہ کار گروپوں کی پنجاب میں سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی۔ چین کی کمپنیوںنے پنجاب میں اپنی مصنوعات کی مینوفیکچرنگ شروع کرنے کا عندیہ دیا۔ اس مقصد کیلئے شینڈوگ ڈائے بائیو ٹیکنالوجی گروپ پنجاب میں آرگینک کھاد بنانے کا کارخانہ لگائے گا۔ اس کارخانے میں ماحول دوست کھاد تیار ہوگی جس سے کسانوں کو فائدہ ہوگا اور زمین کی پیداواری صلاحیت بڑھے گی۔ اسی طرح تائیذو حواجیان پلاسٹک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کمپنی پنجاب میں ماحول دوست سی پی وی سی پائپ بنانے کا کارخانہ لگائے گی۔کلورین کے استعمال سے پہلی بار یہاں ماحول دوست سی پی وی سی پائپ تیار ہوں گے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے چینی کمپنیوں کے حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ میرے دورہ چین کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔چین کے سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کے لئے پنجاب کو چن لیا ہے۔ چینی کمپنیوں کی پنجاب میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے پاکستان اور چین کے تجارتی تعلقات مضبوط ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے کارخانے لگنے سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں۔ چین کی دو نئی کمپنیوں کی آرگینک کھاد اور سی پی وی سی پائپ بنانے میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ چین کی یہ دونوں کمپنیاں پنجاب کے کسی بھی سپیشل اکنامک زون میں کارخانے لگائیں،حکومت ہر ممکن سہولت دے گی۔