بحریہ ٹاﺅن کے رہائشیوں کے تمام قانونی حقوق، جائیدادیں اور سرمایہ کاری محفوظ ہے.نیب
اشاعت کی تاریخ: 11th, August 2025 GMT
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 اگست ۔2025 )قومی احتساب بیورو اسلام اباد نے بحریہ ٹاﺅن کے رہائشیوں کو یقین دلایا ہے کہ ان کے تمام قانونی حقوق، جائیدادیں اور سرمایہ کاری محفوظ ہے بحریہ ٹاﺅن کے چیئرمین ملک ریاض بیرون ملک مقیم ہیں جبکہ پاکستان میں ان کے اور ان کی ہاﺅسنگ سوسائٹی کے خلاف متعدد الزامات کے تحت تحقیقات جاری ہیں اور تین مقدمات میں ملک ریاض کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے جبکہ حال ہی میں نیب نے بحریہ ٹاﺅن کی ملکیتی اربوں روپے مالیت کی چند جائیدادوں کی نیلامی کا انعقاد بھی کیا ہے.
(جاری ہے)
نجی ٹی وی کے مطابق نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ مخصوص عناصر کی طرف سے پھیلائی جانے والی خبریں صرف مذکورہ لوگوں کو پریشان کرنے اور اس کی آڑ میں ان کی جائیدادوں کو کم قیمت پر خریدنے کی ایک گہری سازش ہے ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ رہائشی اور مالکان بھی نیب کی نظر میں وہ متاثرین ہیں جن کے ساتھ دھوکہ دہی اور فراڈ کیا گیا ہے اور نیب ان کے حقوق کا تحفظ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا. نیب نے واضح کیا ہے کہ بحریہ ٹاﺅن کے خلاف جاری کارروائیاں ان کے مالکان اور ان کی جائیدادوں تک محدود ہیں اور نیب نے اس بات کا تہیہ کیا ہوا کہ جب تک یہ لوگ قانون کے آگے پیش ہو کر لوٹی ہوءرقوم واپس نہیں کرتے، نیب اپنی قانونی کارروائیاں بغیر کسی دباﺅ کے جاری رکھے گا . بیان میں کہا گیا ہے کہ نیب کی طرف سے تمام رہائشی اور مالکان جائیداد کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی منفی اور شرانگیز معلومات یا خبر پر دھیان نہ دیں اور سکون کے ساتھ اپنے معمولات زندگی جاری رکھیں اور کسی بھی مشکوک عمل کے بارے میں فوری طور نیب کو آگاہ کریں. واضح رہے کہ حال ہی میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا تھاکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ایک جاری تفتیش میں ملک ریاض اور بحریہ ٹاﺅن کے خلاف ایک ارب روپے سے زائد کی مبینہ منی لانڈرنگ کے ثبوت ملے ہیں جس پر مزید تفتیش جاری ہے.
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے بحریہ ٹاﺅن کے گیا ہے
پڑھیں:
اوورسیز پاکستانی روشن مستقبل پر اعتماد کرتے ہوئے سرمایہ کاری میں کردار ادا کریں، فیلڈ مارشل
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست 2025ء ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانی روشن مستقبل پر اعتماد کرتے ہوئے سرمایہ کاری میں کردار ادا کریں۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ان دنوں ایک اور سرکاری دورے پر امریکہ میں ہیں جہاں انہوں نے اعلیٰ امریکی سیاسی و عسکری قیادت کے علاوہ پاکستانی نژاد کمیونٹی کے ارکان سے بھی اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ٹیمپا میں امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے سبکدوش ہونے والے کمانڈر جنرل مائیکل ای کورِلا کی الوداعی تقریب اور نئے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کی چارج سنبھالنے کی تقریب میں شرکت کی۔(جاری ہے)
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے جنرل کورِیلا کی شاندار قیادت اور دوطرفہ عسکری تعاون کو مضبوط بنانے میں ان کی قیمتی خدمات کو سراہا، جب کہ ایڈمرل بریڈ کوپر کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون کے ذریعے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کا سلسلہ جاری رہے گا، علاوہ ازیں آرمی چیف نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، اس موقع پر انہوں نے جنرل ڈین کین کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے سے معلوم ہوا ہے کہ دورے کے دوران آرمی چیف نے دوست ممالک کے دفاعی سربراہان سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں کیں، پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ایک مکالمہ کی نشست میں آرمی چیف نے انہیں پاکستان کے روشن مستقبل پر پُراعتماد رہنے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ’اوورسیز پاکستانی روشن مستقبل پر اعتماد کرتے ہوئے سرمایہ کاری میں کردار ادا کریں‘، جس پر پاکستانی نژاد کمیونٹی نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔