قومی ایئرلائن کیخلاف پروپیگنڈا بے بنیاد ہے: وزیر دفاع خواجہ آصف
اشاعت کی تاریخ: 10th, November 2025 GMT
اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن کے خلاف پھیلایا جانے والا پروپیگنڈا بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پروازوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، تاہم غیر ماہر افراد کی مداخلت بھی قابلِ قبول نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن کے تمام آپریشنز پی سی اے اے اور عالمی معیار کے مطابق ہیں اور حکومت قومی ایئرلائن کی محنتی ٹیم کے منافع بخش اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ تین دنوں میں قومی ایئرلائن کی اوسط یومیہ آمدنی 600 ملین روپے رہی، جو بغیر کسی خلل کے معمول کی شیڈول پروازوں سے حاصل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والے قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت نے گزشتہ پانچ برسوں میں قومی ایئرلائن کی بحالی کے لیے دن رات محنت کی ہے، جس کے نتیجے میں اب قومی ایئرلائن ملک بھر میں شیڈول کے مطابق باقاعدگی سے پروازیں چلا رہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بین الاقوامی روٹس پر بھی قومی ایئرلائن اپنی خدمات تسلسل سے انجام دے رہی ہے، جس میں ٹورنٹو، مانچسٹر، پیرس اور خلیجی ممالک کے روٹس شامل ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ چین اور مشرق بعید کے لیے بھی پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں، جبکہ مستقبل میں یورپ اور شمالی امریکا کے مزید روٹس شروع کیے جائیں گے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: قومی ایئرلائن کی وزیر دفاع نے کہا کہا کہ
پڑھیں:
مسلمان متحد نہ ہوئے تو سب کو غزہ اور کشمیر جیسے حالات کا سامنا ہوگا، وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کے پیغام کو زندہ رکھنا ہمارا فرض ہے اور قوم کو اقبال کے کلام کی عملی تعبیر بننا ہوگی۔
یومِ اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے کہا کہ آج وہیں علامہ اقبال کی ولادت کا جشن منایا جا رہا ہے جہاں اُن کے بزرگ رہتے تھے اور اقبال کا کلام اردو و فارسی دونوں زبانوں میں امر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ شاعرِ مشرق کی شاعری اور فلسفہ پہلے بھی دنیا میں مشہور تھے اور آج بھی قابلِ ذکر ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: علامہ اقبال کا یوم پیدائش، صدر مملکت اور وزیراعظم کا شاعر مشرق کو خراج تحسین
خواجہ آصف نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہم نے بدقسمتی سے شاعرمشرق کے پیغام کو بعض حد تک بھلا دیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کا خواب دیکھا تھا اور قوم کو اپنے محسن علامہ اقبال اور قائدِ اعظم کو یاد رکھنے کی تلقین کی۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ امتِ مسلمہ اس وقت بھٹک گئی ہے اور غزہ سے کشمیر تک ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسلمان متحد نہ ہوئے تو وہی حالات باقی مسلمانوں کو بھی ان حالات کا سامنا ہوگا جن کا سامنا فلسطین، غزہ اور کشمیر کے مسلمانوں کو ہے۔
اپنے پیغام کے آخر میں خواجہ آصف نے دعا کی کہ اللہ ہمیں ہمت دے تاکہ ہم غزہ، فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز اٹھائیں اور اپنی ریاستوں کی حفاظت کے سوا ان مظلوم اقوام کے لیے بھی اپنا موقف ظاہر کریں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
خواجہ آصف علامہ اقبال غزہ فلسطین کشمیر