لاہور ہائیکورٹ کا منشیات مجرمان کی عمر قید سزا میں معافی پر اظہار برہمی
اشاعت کی تاریخ: 10th, November 2025 GMT
عدالت عالیہ لاہور نے کورٹ سے منشیات کے مجرمان کی عمر قید کی سزا میں معافی دینے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی جیل اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو 24 نومبر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
مجرمان محمد عمران اور جاوید اقبال نے عمر قید کی سزا کے خلاف عدالت عالیہ لاہور میں اپیل کی تھی، ان سے 9، 9 کلو ہیروئن برآمد ہوئی تھی، ٹرائل کورٹ نے دونوں مجرمان کو عمر قید کی سزائیں دیں۔
عدالت نے حیرت کا اظہار کیا کہ ڈھائی سال میں معافی کی مد میں مجرمان کو 11 سال کی رعایت دی گئی، یہاں چھوٹے چھوٹے جرائم میں لوگ کئی کئی سال تک جیلوں میں پڑے رہتے ہیں۔
عدالت عالیہ لاہور نے کہا کہ ڈھائی سال بعد 9، 9 سال کی سزا معافی دے کر 13سال کی سزا مکمل کر دی اور استفسار کیا کہ چھوٹی سزا والوں کو ایسی معافیوں میں کوئی رعایت نہیں ملتی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے وکیل نے کہا کہ جیل افسران کو طلب کرکے پوچھا جائے کہ انہوں نے مجرمان کو سزا میں معافی کیسے دی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ جتنی زیادہ مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں، اسی اسپیڈ سے معافی دی گئی، تمام سزا یافتہ مجرمان جیلوں میں مشقت کرتے ہیں لیکن سب کو معافیوں کی سہولت نہیں ملتی۔
وکیل صفائی نے کہا کہ مجرمان سزا کے بعد جیل کی فیکٹریوں میں کام کر رہے ہیں، ان کے موکل بریت نہیں چاہتے، صرف سزاؤں میں کمی کی استدعا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 24 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
فیلڈ مارشل کا بلوچستان میں دہشت گردی کو پوری طاقت سے کچلنے کے عزم کا اظہار
فوٹو: آئی ایس پی آرفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں دہشت گردی کو پوری طاقت سے کچلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء کی جی ایچ کیو آمد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں پراکسی عناصر بلوچستان میں تشدد کو ہوا دینے، استحکام کو نقصان پہنچانے اور امن خراب کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، تاہم ان کے ناپاک عزائم کو مسلح افواج کے مضبوط اور فیصلہ کن جواب اور عوام کے اتحاد سے ناکام بنادیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، بلوچستان کے متحرک، باہمت، ثابت قدم اور محبِ وطن عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں بلوچستان میں دیرپا امن لائیں گی، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ملک کے مستقبل کی سمت کے تعین کے لیے قومی اتحاد اور ثابت قدمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔