لاہور: گھر میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث میاں بیوی گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
لاہور:
نصیر آباد پولیس نے گھر میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق شوہر سمیع اللہ اور خاتون ثمینہ کو فون لوکیشن سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا، خاتون ملزمہ گلبرگ عسکری 5 میں واقع گھر میں کام کرتی تھی۔
گھر سے گھریلو اشیاء اور نقدی غائب ہونے کے باعث ملزمہ کو کام سے فارغ کر دیا گیا تھا تاہم ملزمہ نے چوری چھپے گھر کی ڈپلیکیٹ چابی بنا رکھی تھی۔
دونوں ملزمان گھر والوں کی غیر موجودگی میں چوری کر کے فرار ہوگئے تھے، ملزمان ضلع قصور کے رہائشی ہیں واردات کے بعد 1 سال سے لاہور میں روپوش تھے، ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ عوام سے التماس ہے اپنے ملازمین کی جانچ پڑتال متعلقہ تھانے سے لازمی کروائیں، عوام کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور میں 6 گھنٹے تک طوفانی بارش سے شہر پانی میں ڈوب گیا
فوٹو: آن لائنلاہور میں 6 گھنٹے تک طوفانی بارش سے شہر پانی میں ڈوب گیا، ڈی ايچ اے اور ہربنس پورہ انڈر پاس پانی سے بھر گئے، ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے۔
تاج پورہ اور ایئرپورٹ کے قریب علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، گاڑیاں ڈوب گئیں، موٹرسائيکلیں بند ہوگئیں، فیروز پور روڈ پر موٹرسائیکل پھسل کر کھمبے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں دو بھائی جاں بحق ہوگئے، چھت گرنے کے واقعات میں چار افراد زخمی ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث 99 فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
گوجرانوالا میں مسلسل تیسرے دن بھی بارش برسی، نکاسِ آب کے لیے لاہور سے مشینری طلب کرلی گئی، شکر گڑھ میں تیسرے روز بھی موسلادھار بارش ہوئی، نالہ بئیں اور بسنتر سے ملحقہ نشیبی دیہات میں پانی داخل ہوگیا۔
منڈی بہاء الدین میں بارش سے سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی دھان اور چارے کی فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب دریائے چناب میں نچلے سے درمیانے درجے کا ریلا گزرنے کا خطرہ ہے، تریموں بیراج پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی، سرگودھا میں طالب والا کے مقام پر اکتالیس دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔