وزیر داخلہ سے اعلیٰ سطح امریکی وفد کی ملاقات، انسداد دہشتگردی سمیت مختلف امور پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 15th, August 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو نے ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان اہم امور پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دی۔ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، انسداد دہشتگردی، بارڈر سکیورٹی، انسداد منشیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات میں امریکی وفد کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں معلومات کے تبادلوں کو موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت آنے کے بعد پاک امریکا تعلقات میں غیر معمولی بہتری آئی ہے۔ امریکی صدر کی عالمی امن کے لیے مخلصانہ کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ پاک امریکا تعلقات میں شفافیت، باہمی اعتماد اور تعاون کا عنصر نمایاں ہے۔ یہ بہترین موقع ہے کہ باہمی تعلقات کو ہر شعبے میں فروغ دیا جائے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ سے مشترکہ لائحہ عمل بنانے میں مدد ملے گی۔ امریکا کی جانب سے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیمیں قرار دینا احسن اقدام ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک امریکا تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی گریگوری لوگور نے کہا کہ پاکستان جیو اسٹریٹجک اعتبار سے انتہائی اہم ملک ہے۔ انہوں نے دہشت گرد حملوں میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کا اظہار بھی کیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انسداد دہشتگردی وزیر داخلہ پاک امریکا پر اتفاق
پڑھیں:
وزیراعظم سے بنگلادیشی ہائی کمشنر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق
اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ بنگلا دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ملکوں کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
اہم ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے ساتھ گزشتہ دسمبر میں قاہرہ میں D-8 سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنی گرمجوش ملاقات اور نتیجہ خیز بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے دونوں فریقوں کے درمیان مختلف دوطرفہ میکانزم کے احیا پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے اس رفتار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ تجارت اور عوام کے درمیان روابط کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔
دونوں ممالک کی قیادت کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا ذکر کرتے ہوئے بنگلا دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین نے وزیراعظم کو سفر، تجارت اور رابطوں کو آسان بنانے کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوستی کے تاریخی بندھن کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ہائی کمشنر کو ان کی ذمے داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی ذمے داریوں کی انجام دہی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ان کے دور میں پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات میں مثبت پیشرفت ہوتی رہے گی۔