کراچی میں اندھی گولیوں کے وار، دو خواتین سمیت 3 افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 17th, August 2025 GMT
کراچی:
روشنیوں کا شہر ایک بار پھر اندھی گولیوں کی زد میں آ گیا، نارتھ ناظم آباد، سرجانی اور پرانی سبزی منڈی کے علاقوں میں مختلف واقعات میں دو خواتین سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔
نارتھ ناظم آباد میں میٹرک بورڈ آفس کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک شہری زخمی ہو گیا، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سرجانی ٹاؤن سیکٹر ای 36 میں اندھی گولی کا نشانہ بننے والی خاتون کی شناخت شائستہ کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پرانی سبزی منڈی میں بھی نامعلوم سمت سے آنے والی گولی نے 24 سالہ اسما کو زخمی کر دیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، پولیس مقابلہ، ہاؤس رابری و کار لفٹنگ گینگ کے 5 زخمی ملزمان سمیت 7 گرفتار
کراچی:کراچی کے علاقے غریب آباد کے قریب ملیر سٹی پولیس اور ہاؤس رابری و کار لفٹنگ میں ملوث ڈکیت گروہ کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 ملزمان زخمی جبکہ مجموعی طور پر 7 کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق دیگر ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ گروہ شہر بھر میں ہاؤس رابری، گاڑی چوری اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث تھا۔
گشت پر موجود پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 ریپیٹر، 4 عدد 30 بور پستول، ایک کرولا کار، ایک موٹرسائیکل، متعدد موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کی سرگرمیوں اور دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے تفتیش جاری ہے۔