سعودی عرب میں افغان شہری کو ہیروئن اسمگلنگ کے جرم میں موت کی سزا
اشاعت کی تاریخ: 17th, August 2025 GMT
مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ کے جرم میں ایک افغان شہری کو سزائے موت دے دی گئی۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق غلام رسول فقیر نامی افغان شہری پر مملکت میں ہیروئن اسمگل کرنے کا الزام تھا۔ مجاز عدالت نے جرم ثابت ہونے پر اسے سزائے موت سنائی۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مجرم نے سپریم کورٹ میں اپیل بھی کی تاہم عدالت نے فیصلہ برقرار رکھا اور مکہ مکرمہ میں سزا پر عملدرآمد کر دیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ مملکت میں منشیات کے خلاف سخت قوانین نافذ ہیں اور اس جرم میں ملوث افراد کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
قلعہ عبداللہ، منشیات کیخلاف کارروائی میں 385 ایکڑ کی کاشت تلف
تین روز کے دوران مختلف محکموں کی مشترکہ کارروائی کے میں قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں کو مجموعی طور پر 385 ایکڑ رقبہ منشیات کی کاشت سے پاک کیا گیا۔ اسلام ٹائمز۔ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس بلوچستان اور دیگر ضلعی و متعلقہ اداروں نے بلوچستان میں منشیات کی کاشت کے خلاف جاری مہم کے دوران تین دن میں 385 ایکڑ رقبہ سے منشیات کی کاشت تلف کر دی۔ شعبہ تعلقات عامہ بلوچستان کے بیان کے مطابق مہم کے دوران تحصیل قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ جس کے پہلے روز کلی صالح زئی، کلی دمن حبیب زئی اور ملحقہ علاقوں میں کارروائی کے دوران 35 ایکڑ پر کاشت بھنگ اور چرس کی فصلیں تلف کی گئیں، جبکہ دوسرے روز کلی دمن حبیب زئی، کلی شاہمیر پیر علی زئی اور اردگرد کے علاقوں میں 155 ایکڑ رقبے پر کارروائی کی گئی، جن میں سے 135 ایکڑ محکمہ کی ٹیموں نے تلف کیا جبکہ 20 ایکڑ رقبہ پانی کی کمی کے باعث خود بخود ختم ہوگیا۔
اسی طرح تیسرے روز مشکہ، کلی آرمبی مسے زئی، مسے زئی اور اطراف کے علاقوں میں مزید 195 ایکڑ رقبے پر کارروائی کی گئی، جن میں 185 ایکڑ محکمہ نے تلف کیا جبکہ 10 ایکڑ خود بخود ختم ہوا۔ اس طرح مجموعی طور پر تین روز کے دوران 385 ایکڑ رقبہ منشیات کی کاشت سے پاک کیا گیا۔ متعلقہ اداروں کے افسران کا کہنا ہے کہ مہم میں 16 ویڈیسائیڈ اسپرے مشینیں، 4 گراس کٹر مشینیں، 2 جنریٹر اور 2 ٹریکٹرز معاونت کے لیے استعمال کیے گئے۔ کارروائی کے دوران کسی قسم کی گرفتاری یا غیر قانونی سامان برآمد نہیں ہوا۔ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس بلوچستان کے مطابق انسداد منشیات مہم آئندہ دنوں میں مزید تیزی کے ساتھ جاری رہے گی، تاکہ صوبے کو منشیات کی لعنت سے مکمل طور پر پاک کیا جاسکے۔