غزہ کے حق میں دنیا کا سب سے بڑا احتجاج، آسٹریلیا کی سڑکوں پر لاکھوں افراد امڈ آئے
اشاعت کی تاریخ: 25th, August 2025 GMT
غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور مظالم کے خلاف آسٹریلیا بھر میں لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔
سڈنی، میلبرن، پرتھ، ایڈیلیڈ، کینبرا، ہوبارٹ اور برسبین سمیت 40 سے زائد شہروں میں بڑے مظاہرے کیے گئے جن میں 3 لاکھ سے زیادہ افراد شریک ہوئے۔
مظاہرین نے فلسطینی عوام کے حق میں نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ میں جاری نسل کُشی اور جبری قحط کو روکا جائے۔ عوام نے آسٹریلوی حکومت پر زور دیا کہ اسرائیل پر فوری اقتصادی اور سفارتی پابندیاں عائد کی جائیں۔
دنیا کے دیگر ممالک میں بھی فلسطین کے حق میں احتجاج ہوا۔ برطانیہ میں مظاہرین نے بینک کے اندر اسرائیل سے مالی تعلقات ختم کرنے کا دھرنا دیا، جبکہ بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔
فن لینڈ میں انسانی زنجیر بنائی گئی اور جنوبی کوریا میں اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے فلسطین آزاد کرو کے نعرے لگے۔
اسرائیل کے اندر بھی نیتن یاہو حکومت کے خلاف احتجاج ہوا، تل ابیب میں ہزاروں افراد نے فوجی ہیڈکوارٹر کے باہر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میچ سے قبل نوجوان کرکٹر بین آسٹن کو خراجِ تحسین
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کا آغاز ایک خاموش لمحے سے ہوا، جب دونوں ٹیموں اور تماشائیوں نے 17 سالہ بین آسٹن کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
میچ کے آغاز سے قبل اسٹیڈیم کی بڑی اسکرین پر بین آسٹن کی تصویر دکھائی گئی، اور پورا میدان احترام میں خاموش کھڑا رہا۔ یہ منظر نہ صرف دل چھو لینے والا تھا بلکہ کھیل کے جذبے اور انسانیت کی ایک خوبصورت مثال بھی پیش کر گیا۔
یاد رہے کہ بین آسٹن حال ہی میں میلبرن میں نیٹس پر پریکٹس کے دوران سر پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہو گئے تھے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے۔
گزشتہ روز آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان دوسرے سیمی فائنل سے قبل بھی اس باصلاحیت نوجوان کھلاڑی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا تھا۔
بین آسٹن کی اچانک موت نے کرکٹ برادری کو غمزدہ کر دیا ہے، اور دنیا بھر کے کھلاڑیوں نے ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔