سیالکوٹ، ہیڈ مرالہ بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب، پانی 9 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گیا
اشاعت کی تاریخ: 27th, August 2025 GMT
سیالکوٹ میں مون سون بارشوں اور بھارتی آبی جارحیت کے باعث دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب آ گیا ہے اور پانی کی آمد 9 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گئی۔
جب کہ خطرناک سطح عبور ہونے کے بعد فوج اور آرمی ایوی ایشن کو ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ہیڈ مرالہ پانی کا بہاؤ 9 لاکھ 20 ہزار کیوسک سے زیادہ ہو گیا ہے، جبکہ خانکی کے مقام پر 4 لاکھ 32 ہزار کیوسک ہے۔
ہیڈ مرالہ بیراج پر پانی کی گنجائش 11 لاکھ کیوسک ہے، رپورٹس کے مطابق پانی کی سطح مزید بلند ہوئی تو ہیڈ مرالہ کے حفاظتی بند کو گجرات کی جانب سے توڑا جائے گا، جس سے گجرات کے متعدد دیہات زیرآب آنے کا خطرہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کے مطابق، ضلع میں اب تک 405 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے، جس کے بعد سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر 27 اگست کو تمام تعلیمی اداروں میں لوکل تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
شہریوں کو گھروں میں رہنے، بلا ضرورت سفر سے گریز کرنے اور ندی نالوں کے قریب نہ جانے کی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہو گی۔
واٹر حکام کے مطابق، ہیڈ مرالہ بیراج کی گنجائش 11 لاکھ کیوسک ہے اور اس وقت پانی کی آمد 9 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر چکی ہے۔ یاد رہے کہ 2014 میں بھی 9 لاکھ کیوسک کا ریلا ہیڈ مرالہ سے گزرا تھا۔
دریائے چناب میں پانی کے مسلسل بڑھتے بہاؤ کے باعث خانکی اور ملحقہ علاقوں میں بھی خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے مقامی آبادی کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔
سیلابی صورتحال کے پیش نظر حکومت پنجاب کی ہدایت پر فوج طلب کر لی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارتِ داخلہ کو خط لکھ کر سیالکوٹ میں فوجی دستوں کی فوری تعیناتی کی درخواست کی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صورت حال انتہائی سنگین ہو چکی ہے، اور ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کے لیے فوج اور آرمی ایوی ایشن کی خدمات لی جا رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی جانب سے بھی فوجی تعیناتی کی باقاعدہ درخواستیں دی جا چکی ہیں، تاکہ بروقت اقدامات کے ذریعے انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ہیڈ مرالہ بیراج لاکھ کیوسک کیوسک سے کے مطابق پانی کی گیا ہے
پڑھیں:
پنجاب میں پہلی بار سیلاب کی پیشگی اطلاع کیلئے ڈرون مانیٹرنگ شروع
حکام کے مطابق تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرون سرویلنس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی ریلوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع اور نگرانی کے لیے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرون سرویلنس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی ریلوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔
ڈرون مانیٹرنگ کے دوران جھنگ کے تریموں بیراج میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ریکارڈ کی گئی جبکہ پاکپتن میں دریائے راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال، پانی کی آمد اور دریائی کناروں پر کٹاؤ کا جائزہ لیا گیا، جہاں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق رہا۔
سرگودھا میں دریائے چناب پر واقع طالب والا پل، خانیوال میں ہیڈ سدھنائی بیراج اور ہیڈ ورکس، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں رسول بیراج پر بھی ڈرون سرویلنس کے ذریعے پانی کے بہاؤ کی نگرانی کی گئی۔ حکام کے مطابق ساہیوال کے علاقے کتب شہانہ کے قریب نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سیالکوٹ کے ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ ہوا۔