ایئر چیف مارشل اور ایتھوپیا کے فضائی کمانڈر کی ملاقات، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 27th, August 2025 GMT
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ایتھوپیا کی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل یلمہ مرداسا نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ایئر ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر معزز مہمان کو پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان، ایتھوپیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں فضائی افواج کے درمیان عسکری روابط کو فروغ دینے کے لیے تربیت، آپریشنل اشتراک اور صلاحیت سازی میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
ایئر چیف نے مشترکہ تربیتی پروگراموں کے ذریعے دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ پاک فضائیہ ایتھوپیا کو اپنے جنگی تجربات اور مہارتوں سے فائدہ پہنچانے کے لیے تیار ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل یلمہ مرداسا نے پاک فضائیہ کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کی پیشہ ورانہ تیاریوں، جدید ملٹی ڈومین صلاحیتوں اور مؤثر دفاعی حکمت عملی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایتھوپیا کی فضائیہ، پاک فضائیہ کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے سیکھنے کی خواہاں ہے تاکہ اپنی فضائی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے۔
دورے کے دوران ایتھوپین فضائی کمانڈر نے پاک فضائیہ کے نیشنل آئی ایس آر اور انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر، ساتھ ہی سائبر کمانڈ کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہیں جدید فضائی دفاعی نظام اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی علامت ہے بلکہ خطے میں باہمی افہام و تفہیم اور دوستی کو فروغ دینے کی جانب ایک مثبت قدم بھی ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: پاک فضائیہ کے ایئر چیف
پڑھیں:
مارشل آرٹس اسٹار راشد نسیم نے مزید 4 نئےعالمی ریکارڈز بنا ڈالے
پاکستان کے لیے سب سے زیادہ عالمی ریکارڈز بنانے والے لیجنڈ مارشل آرٹس اسٹار راشد نسیم نے رومانیہ میں بھی مزید 4 نئے عالمی ریکارڈ بنا ڈالے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق رومانیہ کے معروف انٹرنیشنل ٹی وی شو دی ٹکٹ میں راشد نسیم نے ایک بار پھر سب کو حیران کر دیا۔
راشد نسیم نے ایک ہی پروگرام میں 4 ناقابلِ یقین ورلڈ ریکارڈز بناکر دنیا بھر میں قومی پرچم بلند کر دیا۔
تمام ججز راشد نسیم کی رفتار، طاقت اور مہارت سے دنگ رہ گئے جبکہ شرکاء کے چہروں پر حیرت، جوش اور خوف کے تاثرات نمایاں نظر آئے۔
راشد نسیم نے اپنی پرفارمنس کا آغاز کہنی کے ساتھ کنکریٹ بلاک توڑنے سے کیا، پھر آنکھوں پر پٹی باندھ کر طاقتور ضربوں سے کین کرش کیے، تیسری شاندار کوشش میں راشد نسیم نے سر کی مدد سے لوہے کی کیل ٹھونکی اور پھر ناریل توڑنے اور کولڈ ڈرنک کین کرش کرنے کا مظاہرہ کیا۔
پروگرام کے اختتام پر راشد نسیم نے پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہوئے ججز اور شرکاء کو سندھی اجرک پیش کی جسے بے حد پسند کیا گیا۔
راشد نسیم اس سے قبل اٹلی، جرمنی، اسپین، کوریا، چین، سنگاپور اور رومانیہ سمیت کئی ممالک میں اپنی ناقابلِ یقین صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔
راشد نسیم واحد پاکستانی ہیں جو بغیر کسی حکومتی سرپرستی کے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔