ایٹمی ہتھیاروں کا خاتمہ،چین کا امریکا اور روس کے ساتھ بیٹھنے سے انکار
اشاعت کی تاریخ: 29th, August 2025 GMT
چین نے ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے سے متعلق امریکا اور روس کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات میں شریک ہونے کی تجویز کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجویز دی تھی کہ چین کو بھی ایٹمی تخفیفِ اسلحہ سے متعلق مذاکرات میں شامل کیا جائے، مگر بیجنگ نے اس درخواست کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ ایٹمی ہتھیاروں کی دوڑ میں امریکا اور روس کا حصہ سب سے زیادہ ہے، اور انہی پر عالمی سطح پر تخفیف اسلحہ کی اصل ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ چین اپنی ایٹمی صلاحیت کو محض قومی دفاع کے لیے ضروری حد تک محدود رکھتا ہے اور کسی قسم کی ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں۔
ادھر شمالی کوریا نے بھی جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کے امریکا میں دیے گئے بیان پر شدید ردِعمل دیا ہے۔ شمالی کوریا نے صدر کو “منافق” قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ کبھی بھی اپنے ایٹمی ہتھیار ترک نہیں کرے گا کیونکہ یہ ان کی ریاستی خودمختاری اور وقار کی علامت ہیں۔
یاد رہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ ایٹمی ہتھیار رکھنے والے دو ممالک امریکا اور روس ہیں۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (SIPRI) کے مطابق، امریکا کے پاس تقریباً 3,700 اور روس کے پاس 4,300 سے زائد ایٹمی وارہیڈز ہیں، جبکہ چین کے ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد تقریباً 500 کے قریب بتائی جاتی ہے۔
چین کا مؤقف عالمی سطح پر اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ایٹمی تخفیفِ اسلحہ کی اصل ذمہ داری بڑی طاقتوں پر ہے، جو خود سب سے زیادہ ہتھیار رکھتے ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ایٹمی ہتھیاروں امریکا اور روس
پڑھیں:
عمران خان کا ایف آئی اے ٹیم کو اپنے ایکس اکاؤنٹ کے ہینڈلر کا نام بتانے سے انکار
راولپنڈی:بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ایکس (ٹویٹر) اکاؤنٹ کون استعمال کررہا ہے؟ ایف آئی اے ٹیم معلوم کرنے اڈیالہ جیل پہنچ گئی تاہم عمران خان نے بتانے سے انکار کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان کے اکاؤنٹ سے ریاست مخالف مواد پوسٹ ہونے کے معاملے میں ایف آئی اے سائبر کرائمز نے تحقیقات شروع کر دیں۔
ایف آئی اے سائبر کرائمز کی تین رکنی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی اور عمران خان سے ملاقات کرکے اس حوالے سے پوچھ گچھ کی۔ سائبر کرائمز ٹیم کی قیادت ایاز خان نے کی۔
ذرائع کے مطابق ٹیم نے سوالات کیے کہ آپ کا ایکس اکاؤنٹ کون استعمال کرتا ہے؟ کہاں سے استعمال کیا جاتا ہے؟ آپ نے ایکس اکاؤنٹ کا ایکسیس کس کو دیا ہوا ہے؟ آپ کے ایکس اکاؤنٹ سے جو چیزیں پوسٹ ہوتی ہیں کیا آپ کو علم ہے وہ ریاست کے مخالف ہوتی ہیں؟
ذرائع کے مطابق عمران خان نے جواب دیا کہ میرا ایکس اکاؤنٹ کون استعمال کرتا ہے میں نہیں بتاؤں گا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے ایف آئی اے ٹیم سے تحریری سوال نامہ مانگ لیا اور جواب وکلاء کی موجودگی میں دینے پر اصرار کیا۔
ذرائع کے مطابق سائبر کرائمز ٹیم ایک گھنٹے سے زائد اڈیالہ جیل موجود رہی۔