یورپی ممالک کی ایران کو پابندیوں میں نرمی کی مشروط پیشکش
اشاعت کی تاریخ: 30th, August 2025 GMT
یورپ کے تین بڑے ممالک برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایران کو پیشکش کی ہے کہ اگر وہ کچھ شرائط پوری کردے تو اس پر عائد اسنیپ بیک پابندیوں کو چھ ماہ کے لیے مؤخر کیا جاسکتا ہے۔
اقوام متحدہ میں ان ممالک کے نمائندوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے قبل مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو تین اقدامات اٹھانے ہوں گے: پہلا، جوہری پروگرام پر عالمی جوہری ایجنسی کے معائنہ کاروں کو دوبارہ رسائی دینا؛ دوسرا، یورینیم افزودگی سے متعلق خدشات دور کرنا؛ اور تیسرا، امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات کی بحالی۔
یاد رہے کہ انہی یورپی ممالک نے جمعرات کو اسنیپ بیک میکانزم کے تحت ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ عائد کرنے کا عمل شروع کیا تھا، جو تیس دنوں میں مکمل ہونا ہے۔
ایران کی جانب سے اس پیشکش کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر، امیر سعید ایرانی نے مؤقف اپنایا کہ یہ شرائط غیر حقیقی اور ناقابلِ قبول ہیں۔ ان کے مطابق، ایسے مطالبات دراصل مذاکرات کے اختتام پر طے پانے چاہئیں، نہ کہ مذاکرات کے آغاز سے پہلے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی ممالک بھی بخوبی جانتے ہیں کہ یہ شرائط پوری نہیں کی جا سکتیں۔
اس سے ایک روز قبل ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عندیہ دیا تھا کہ اگر مغربی ممالک سنجیدگی اور خیرسگالی کا مظاہرہ کریں تو ایران اپنے جوہری پروگرام پر دوبارہ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
امریکا ایران غیر یقینی صورتحال: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار رہیں۔
منگل کے روز برینٹ خام تیل 95.04 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) 91.99 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔ دونوں بینچ مارکس گزشتہ سیشن میں 5 فیصد سے زائد اضافے کے بعد مستحکم رہے۔
سرمایہ کاروں کی توجہ خاص طور پر آبنائے ہرمز کی ممکنہ بحالی اور مشرق وسطیٰ کی کشیدگی پر مرکوز ہے۔ امریکی صدر نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور جلد کسی معاہدے کی امید ہے تاہم ایرانی میڈیا کے مطابق بات چیت میں تعطل بھی سامنے آیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں موجود اتار چڑھاؤ کا دارومدار امریکا-ایران مذاکرات اور خطے کی صورتحال پر ہے۔ دوسری جانب لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جزوی جنگ بندی کو کشیدگی کم کرنے کی محدود کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ خلیجی علاقے میں کشیدگی کے باعث تیل اور ایل این جی کی عالمی ترسیل متاثر ہوئی جس سے قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔