بنوں؛ دہشتگردوں کا بھاری ہتھیاروں سے تھانے پر حملہ فوری جوابی کارروائی سے ناکام
اشاعت کی تاریخ: 30th, August 2025 GMT
دہشتگردوں کا تھانے پر بڑا حملہ پولیس کی بہادری سے ناکام بنا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے تھانہ میریان پر حملہ کیا تاہم پولیس کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کے باعث دہشت گردوں کو پسپا ہونا پڑا۔
ڈی پی او بنوں سلیم کلاچی کے مطابق حملہ 3 اطراف سے کیا گیا، جس میں 70 سے زائد دہشتگرد شامل تھے اور انہوں نے کارروائی میں ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
انہوں نے بتایا کہ چوکس پولیس اہل کاروں نے دہشت گردوں کو فوری اور مؤثر جواب دیا، جس کے باعث فائرنگ کا سلسلہ اگرچہ 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا مگر پولیس کی نفری مکمل طور پر محفوظ رہی۔
ڈی پی او کے مطابق دہشتگرد کمانڈروں قاری نیاز، سفیر اور رسول کی قیادت میں حملہ آور ہوئے تھے لیکن پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور تربیت نے انہیں پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ تھانے پر حملے کو ناکام بنانا پولیس کے عزم، تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پولیس کی
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔