دریاؤں میں ہوٹل، کالونیاں بنانے والے سیٹھوں کیخلاف کارروائی ہوگی: مصدق ملک
اشاعت کی تاریخ: 30th, August 2025 GMT
کراچی (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ دریاؤں کے کنارے ملک کے طاقتور اور امیر افراد نے غیر قانونی ہوٹل، ریزورٹس اور ہاؤسنگ سکیمیں بنا رکھی ہیں، ہم اعلان جنگ کر رہے ہیں، اب ہم رکیں گے نہیں، پانی کے راستے سے ان کو ہٹائیں گے۔
کراچی میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی مصدق ملک نے کہا کہ میرا دل دکھی ہو جاتا ہے جب میں دیکھتا ہوں کہ چند رئیسوں نے دریاؤں کی زمین کو کاٹ کر غیر قانونی ہوٹل، ریزورٹس اور بستیاں بنا رکھی ہیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ یہ سکیمیں اور ہوٹل سیلاب کے دوران کچی بستیوں کے لیے تباہی کا باعث بنتے ہیں، یہ بربادی غریبوں کے خاندان کھا جاتی ہیں، حالیہ سیلاب کے دوران 800 لوگ شہید ہوگئے، اتنے تو جنگ میں بھی نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ میں ملک کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا 750 کلو میٹر گاڑی چلا کر گلگت بلتستان پہنچا، 20 سے 30 کلو میٹر پہاڑوں پر بھی ٹریکنگ کی، اس دوران دریاؤں کے کنارے کسی ایک غریب کا ہوٹل یا ریزورٹ نہیں تھا، جو طاقتور، سیٹھ اور امیر لوگ ہیں، یہیں کہیں رہتے ہیں سب انہی کے ریزروٹس اور ہوٹلز وہاں قائم ہیں۔
وزیر موسمیاتی تبدیلی کا کہنا تھا کہ جب سیلاب آتا ہے تو وہ پروا نہیں کرتا کہ سیٹھ کون ہے، سیٹھ کا وہ بنگلہ یا اُن کی بنائی ہوئی ہاؤسنگ سوسائیٹیز، ریزروٹس اور ہوٹلز جب پہاڑوں سے آنے والے پانی کے سامنے آتے ہیں، تو پھر وہ ٹکڑے ٹکڑے ہو کر نیچے کی جانب آباد لوگوں کے لیے میزائل بن جاتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ بس اب، بہت ہوگیا، وزیر اعظم شہباز شریف بھی کہہ چکے ہیں، کوئی ریاست سے طاقت ور نہیں، رواں برس سب کو نظر آجائے گا اور غریب کو برباد کرنے والوں کے خلاف ریاست آڑے آئے گی۔
مصدق ملک نے کہا کہ یہ جنگ ہے، ہم اعلان جنگ کر رہے ہیں، اب ہم رکیں گے نہیں، پانی کے راستے سے ان کو ہٹائیں گے، ہمیں دریا کے ساتھ ساتھ قدرتی ریزروز بنانے ہوں گے، تاکہ پانی کو ان جگہوں پر محفوظ بنا کر پورا سال اس کا استعمال کر سکیں۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ جنگلات کی غیر قانونی طور پر کٹائی کر کے جو درخت وہاں رکھے جاتے ہیں، وہ سیلاب میں شامل ہو کر نیچے آنے والی آبادیوں کے لیے انتہائی خطرناک بن جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قدرت کا احترام کریں، سیلاب سے اگر کوئی چیز بچا سکتی ہے تو وہ درخت ہی ہیں، ہمیں چاہئے کہ درخت کاٹنے کے بجائے مزید لگائیں۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: مصدق ملک نے کہا نے کہا کہ
پڑھیں:
ایک ملک کے خلاف جارحیت دونوں کیخلاف تصور ہوگی، پاک سعودیہ معاہدہ
سعودی ولی عہد اور وزیرِاعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین "اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے" (SMDA) معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ جو دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ ایک ملک کے خلاف جارحیت دونوں کیخلاف تصور ہوگی، پاک سعودیہ کا دفاعی معاہدہ طے پا گیا۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین "اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے" (SMDA) معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ جو دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔ معاہدے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کی 8 دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری ہے، دونوں ممالک میں مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اور قریبی دفاعی تعاون کے تناظر میں معاہدہ ہوا۔