لاہور: جماعت اسلامی کا پنجاب پولیس پر الخدمت خیمہ بستی پر دھاوے کا الزام
اشاعت کی تاریخ: 31st, August 2025 GMT
لاہور:
جماعت اسلامی لاہور نے پنجاب پولیس اور شہری انتظامیہ پر الخدمت کی خیمہ بستی پر دھاوے کا الزام عائد کردیا۔
کنوینئر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہور قیصر شریف کے مطابق چوہنگ میں الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے متاثرین سیلاب کیلئے قائم خیمہ بستی پر پنجاب پولیس اور شہری انتظامیہ نے دھاوا بول دیا اور مشیر وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں خیمہ بستی کو زبردستی خالی کروانے کی کوشش کی۔
قیصر شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت کا ریلیف کی بجائے متاثرین سیلاب کو تکلیف دینا قابل مذمت ہے ، متاثرین سیلاب کے زخموں پر مرہم کی بجائے نمک پاشی نہ کی جائے ، مشیر وزیر اعلیٰ کی طرف متاثرین سیلاب کے خیمے خالی کروانا انتہائی قابل شرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف فی الفور اس واقعہ کا نوٹس لیں، وزیراعلیٰ پنجاب واقعہ کے ذمہ داران کو سیلاب متاثرین سے معذرت کا حکم دیں، اگر دوبارہ اس طرح کی کوئی کوشش کی گئی تولاہور شہر میں احتجاج کی کال دی جائے گی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: متاثرین سیلاب خیمہ بستی
پڑھیں:
لاہور میں وین ڈرائیور سے بدتمیزی ٹریفک وارڈن کو مہنگی پڑ گئی
لاہور میں نجی کوریئر کمپنی کی وین کے ڈرائیور سے بدتمیزی کرنے پر ٹریفک وارڈن کو معطل کر دیا گیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایس پی صدر کو انکوائری کا حکم دے دیا۔
ٹریفک پولیس افسر کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی ہوگی، شہریوں سے حسنِ سلوک پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
سی ٹی او لاہور نے ٹریفک پولیس میں نظم و ضبط اور عوامی احترام اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی، انکوائری مکمل ہونے پر حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔
شہری کے مطابق ٹریفک وارڈن نے رکنے کا اشارہ کیا لیکن اشارہ نظر نہیں آیا، تاہم آگے جا کر رکا جس پر ٹریفک وارڈن نے گاڑی کے اندر سوار ہو کر تشدد کا نشانہ بنایا اور گالم گلوچ کی۔ موقع پر وارڈن نے آن لائن چالان بھی جمع کروایا۔