مریم نواز کا قصور میں فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ: خواتین اور بچوں سے ملاقات، مسائل سنے
اشاعت کی تاریخ: 31st, August 2025 GMT
پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے مسلسل چوتھے روز بھی فیلڈ میں سرگرم رہیں۔ آج انہوں نے قصور کے ڈی پی ایس اسکول میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرہ خواتین اور بچوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے، دلاسہ دیا اور ان کی دل جوئی کی۔
ریلیف کیمپ میں موجود ایک خاتون نے ریسکیو ٹیم کی بروقت کارروائی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف سیلاب سے بحفاظت نکالا گیا، بلکہ محفوظ کیمپوں تک بھی پہنچایا گیا، ہم وزیراعلیٰ کی شکر گزار ہیں۔
بچوں سے محبت بھرا لمحہ
کیمپ کے دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے بچوں سے خاص وقت گزارا۔ انہوں نے بچوں کو گود میں بٹھایا، ان سے خوشگوار انداز میں بات چیت کی اور وائٹ بورڈ پر نام لکھنے والے بچوں کو انعامات بھی دیے، جس سے کیمپ کا ماحول ایک لمحے کو خوشیوں سے بھر گیا۔
مریضوں کی عیادت اور طبی سہولیات کا جائزہ
مریم نواز نے کیمپ میں قائم عارضی اسپتال میں زیر علاج متاثرین کی عیادت کی، ان سے خیریت دریافت کی اور طبی عملے کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔
ریلیف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ
حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ قصور کے 29 دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، 18,300 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، 36,129 مویشی بچائے جا چکے ہیں، فلڈ ریلیف کیمپ میں اس وقت 60 خاندانوں کے 312 افراد رہائش پذیر ہیں۔
کیمپ میں کھانے، پینے، رہائش، تعلیم اور تفریح کے تمام انتظامات موجود ہیں۔ بچوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کھیل کود کے لیے الگ میدان بھی مختص ہے۔
مزید بتایا گیا کہ کیمپ میں موجود 3 ڈاکٹرز اور طبی عملہ مسلسل خدمات سرانجام دے رہا ہے، اور اب تک 170 افراد کو علاج کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ضیاء الحسن لنجار
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی خدمت، فوری انصاف، مؤثر گورننس اور شفاف احتساب کے ذریعے وزیراعلیٰ سندھ کے عوام دوست وڑن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ محکمے شہریوں کے مسائل کے بروقت، پائیدار اور مؤثر حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے وزیراعلیٰ سندھ کے مرکزی شکایات سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹیلیفون پر شہریوں کی شکایات اور مسائل براہِ راست سنے اور مختلف سرکاری محکموں سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری، شفاف اور مؤثر ازالے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے مقررہ مدت کے اندر شکایات کے ازالے کو یقینی بناتے ہوئے اپنی تعمیلی رپورٹس پیش کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے اور ہر جائز شکایت پر فوری، منصفانہ اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور کرنے کے بجائے ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو ہر شکایت پر ہونے والی عملی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے تاکہ عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شکایات کے ازالے میں غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے والے افسران کے خلاف قانون اور قواعد کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت صرف ایک انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی ترجیح ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو جوابدہی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔