خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان
اشاعت کی تاریخ: 2nd, September 2025 GMT
پشاور:
خیبر پختونخوا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں گرج چمک کے ساتھ مزید تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ پچھلے تین سے چار روز میں جاری بارش سے اب تک 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ مزید تیز بارش کا امکان ہے جبکہ ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، چترال (اپر اور لوئر)، دیر (اپر اور لوئر)، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، باجوڑ، تورغر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان (اپر اور لوئر)، کولائی پالس کوہستان، ہری پور، مہمند، نوشہرہ، خیبر، کرم، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں تیز بارش کا قوی امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ شدید بارش کے باعث خصوصاً گلیات، مانسہرہ، کوہستان، کولائی پالس، ایبٹ آباد، بونیر، باجوڑ، بٹگرام، ہنگو، تورغر، ہری پور، کرک، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، خیبر، کوہاٹ، نوشہرہ، صوابی، مردان، کرم، لکی مروت، مالاکنڈ، مہمند، اورکزئی، بنوں، وزیرستان اور ٹانک میں مقامی ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
اسی طرح پشاور، نوشہرہ، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، چترال، دیر، خیبر، کوہستان، کولائی پالس، کرم، مالاکنڈ، مانسہرہ، مہمند، اورکزئی، شانگلہ، سوات، تورغر اور شمالی وزیرستان کی سڑکیں بند ہو سکتی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ شدید بارش اور تیز ہوائیں چلنے سے کچے مکانات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کسان حضرات اپنی سرگرمیاں موسم کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیں اور عوام، مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ حساس اور خطرناک علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ اب تک کاکول 38، غلنئی 33، دیر 27، سیدو شریف 20، پشاور (ایئرپورٹ 15، شہر 09)، خار باجوڑ 12، مالم جبہ 08، تیمرگرہ و تخت بھائی 07 (ہر ایک)، بالاکوٹ 04، چراٹ 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پی ڈی ایم اے تیز بارش کا
پڑھیں:
پشاور: الخدمت کی جانب سے 8 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان پنجاب روانہ
پشاور:الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا وسطی و جنوبی کی جانب سے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے آٹھ ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان اور رضاکاروں کی تیسری ٹیم پشاور سے پنجاب کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ملتان روانہ کردی گئی۔
اس سامان میں خشک راشن پر مشتمل فوڈ و ونٹر پیکجز، کچن سیٹ، کمبل، بچوں کے ملبوسات، جوتے، روزمرہ استعمال کے برتن اور دیگر امدادی اشیاء شامل ہیں۔ پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان سے لدے ٹرک اور رضاکاروں کی ٹیم روانہ کرنے کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع، الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص، جنرل سیکرٹری شاکر صدیقی، ریجنل منیجر ڈاکٹر شکیل احمد اور ضلع پشاور کے صدر ارباب عبدالحسیب نے امدادی سامان اور رضاکاروں کو پنجاب کے شہر ملتان کے لیے روانہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالواسع اور الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر خالد وقاص نے کہا کہ خیبرپختونخوا پر ہر مشکل وقت میں پنجاب کے عوام نے سب سے پہلے اور سب سے زیادہ تعاون کیا ہے۔ آج جب ہمارے صوبے کے شمالی اور بالائی اضلاع میں سیلاب اور کلاوڈ برسٹ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں تو اس موقع پر بھی اہلیانِ پنجاب نے بڑھ چڑھ کر خیبرپختونخوا کے متاثرینِ سیلاب کی مدد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب جبکہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ پورے ملک، بالخصوص پنجاب میں جاری ہے اور اس وقت پنجاب کا 70 فیصد رقبہ سیلابی پانی کے زیر اثر ہے، اس مشکل وقت میں الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے رضاکار اور کارکنان اہلیانِ پنجاب کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
الخدمت خیبرپختونخوا وسطی نے ملتان میں سیلاب متاثرین کے لیے ٹینٹ ویلج کا انتظام کر رکھا ہے، جبکہ گزشتہ ایک ہفتے سے الخدمت کے پی کے رضاکار پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 15 کشتیوں کے ذریعے پانی میں گھرے لوگوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب کے سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گا اور صوبے سے رضاکاروں کی تیسری کھیپ اور آٹھ ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کا قافلہ آج ملتان روانہ کردیا گیا ہے۔