زمبابوے کے سکندر رضا نے تاریخ رقم کردی
اشاعت کی تاریخ: 3rd, September 2025 GMT
HARARE:
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیموں اور کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے، جس میں سکندر رضا نے اپنے ملک زمبابوے کے لیے تاریخ رقم کرلی ہے۔
زمبابوے کو سری لنکا کے خلاف حالیہ ایک روزہ سیریز میں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم سیریز میں ٹیم نے بہتر مقابلہ کیا جبکہ تجربہ کار آل راؤنڈر سکندر رضا نے آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
آئی سی سی کی رینکنگ کے مطابق سکندر رضا نے افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی سے ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔
زمبابوے کے 39 سالہ آل راؤنڈر سکندر رضا ایک روزہ کرکٹ میں آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے اپنے ملک کے لیے پہلے آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔
سکندر رضا نے رواں برس بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 302 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرکے یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
سکندر رضا نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں 87 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 92 رنز بنائے تھے جبکہ باؤلنگ میں 10 اوورز کے کوٹے میں 48 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
دوسرے ون ڈے میں انہوں نے 55 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی اور 9 اوورز کرائے جس میں انہوں نے 46 رنز دیے تاہم کوئی وکٹ نہیں ملی۔
ون ڈے کرکٹ میں دوسرے بہترین آل راؤنڈر افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی ہیں، تیسرے نمبر پر محمدنبی، چوتھے نمبر پر بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز اور پانچویں نمبر پر نیوزی لینڈ کے بریسویل ہیں۔
پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی ون ڈے آل راؤنڈر رینکنگ میں سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بنا سکا تاہم سلمان آغا 22 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
چین کی بڑھتی طلب، پاکستان کو بیف ایکسپورٹ کا نیا آرڈر حاصل
کراچی:چین میں حلال گوشت کی بڑھتی طلب کے باعث پاکستان کو بیف ایکسپورٹ کا نیا آرڈر حاصل ہوگیا ہے۔
اس نئے برآمدی آرڈر موصول ہونے سے متعلق تفصیلات ایک لسٹڈ کمپنی آرگینک میٹ کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی انتظامیہ کو بذریعہ خط آگاہ کیا ہے۔
خط کے مطابق پاکستان سے بیف ایکسپورٹ کرنے والی آرگینک میٹ کمپنی کو چین سے 75لاکھ ڈالر مالیت کا برآمدی آرڈر حاصل ہوا ہے۔
موصول شدہ نئے برآمدی آرڈر کے تحت پاکستانی کمپنی مالی سال 2025-26 کے دوران چین کو پکا ہوا فروزن بون لیس بیف برآمد کرے گی۔
خط کے مطابق پاکستان سے چین بیف ایکسپورٹ کا معاہدہ سی پیک فریم ورک کے تحت ہوا ہے، خط میں بتایا گیا ہے کہ چین میں حلال پروٹین مصنوعات کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
مذکورہ پاکستانی کمپنی عالمی معیارات کے مطابق پکا ہوا فروزن بون لیس بیف برآمد کرے گی۔