سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام تیز، 13 لاکھ سے زائد صارفین کو ریلیف
اشاعت کی تاریخ: 4th, September 2025 GMT
اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاور ڈویژن نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی سے متعلق رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک بھر میں متاثرہ گرڈز اور فیڈرز کی بڑی تعداد بحال کر دی گئی ہے اور 16 لاکھ سے زائد متاثرہ صارفین میں سے 13 لاکھ سے زیادہ کو بجلی فراہم کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیسکو کے علاقے سوات، بنر، شانگلہ، صوابی اور ڈی آئی خان میں 12 گرڈ اور 91 فیڈرز متاثر ہوئے تھے، جن میں سے 85 فیڈرز مکمل اور 6 جزوی طور پر بحال کر دیے گئے ہیں۔ 4 لاکھ 63 ہزار سے زائد متاثرہ صارفین میں سے 4 لاکھ 59 ہزار کو بجلی فراہم کی جا چکی ہے جبکہ باقی ساڑھے 3 ہزار صارفین کے لیے بحالی کا کام 12 ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
گیپکو کے 11 گرڈز اور 103 متاثرہ فیڈرز میں سے 88 بحال ہو چکے ہیں، 7 لاکھ 35 ہزار متاثرہ صارفین میں سے 6 لاکھ 60 ہزار کو بجلی فراہم کر دی گئی ہے۔ باقی 75 ہزار صارفین کے لیے بحالی کا عمل پانی اترنے کے بعد مکمل ہوگا۔
لیسکو میں لاہور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ کے 67 متاثرہ فیڈرز میں سے 44 مکمل طور پر بحال کر دیے گئے ہیں۔ 73 ہزار میں سے 59 ہزار صارفین کو بجلی مل چکی ہے جبکہ باقی صارفین کو 5 ستمبر تک بجلی فراہم کر دی جائے گی۔
فیسکو کے زیرِ انتظام فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا اور دیگر علاقوں میں 26 گرڈز اور 77 فیڈرز متاثر ہوئے تھے۔ اب تک 19 مکمل اور 54 عارضی طور پر بحال کیے جا چکے ہیں۔ متاثرہ صارفین کی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار تھی جن میں سے 93 ہزار سے زائد کو بجلی فراہم کر دی گئی ہے۔
میپکو کے زیرِ انتظام 139 فیڈرز متاثر ہوئے جس سے 96 ہزار سے زائد صارفین متاثر ہوئے۔ پانی اترتے ہی ان فیڈرز کی بحالی شروع کی جائے گی۔
ٹیسکو کے علاقے شمالی وزیرستان اور خیبر میں 17 فیڈرز متاثر ہوئے تھے۔ 2 مکمل اور 11 عارضی طور پر بحال ہو گئے ہیں۔ 31 ہزار میں سے 7 ہزار صارفین کو بجلی فراہم کر دی گئی ہے جبکہ باقی صارفین کو 5 ستمبر کی شام تک ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
ہیزیکو کے زیرِ انتظام مانسہرہ کے تینوں متاثرہ فیڈرز مکمل طور پر بحال ہو چکے ہیں۔
پاور ڈویژن کے مطابق مجموعی طور پر 49 گرڈز اور 497 متاثرہ فیڈرز میں سے 239 مکمل اور 249 کو عارضی طور پر بحال کیا گیا ہے۔ یوں اب تک 16 لاکھ 23 ہزار متاثرہ صارفین میں سے 13 لاکھ 7 ہزار کو بجلی فراہم کر دی گئی ہے۔ باقی تین لاکھ 15 ہزار سے زائد صارفین کے لیے بجلی کی بحالی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
Post Views: 5.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کو بجلی فراہم کر دی گئی ہے متاثرہ صارفین میں سے فیڈرز متاثر ہوئے متاثرہ فیڈرز ہزار صارفین طور پر بحال صارفین کو کی بحالی مکمل اور گرڈز اور
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔