وزیراعظم شہباز شریف کا جشن عیدمیلادالنبی ﷺ کے موقع پر پیغام
اشاعت کی تاریخ: 5th, September 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جشن ولادت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کے دن آج سے 1500 برس قبل سرزمینِ مکہ میں نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ کی ولادتِ باسعادت نے ظلمتوں کو نور میں بدل دیا اور انسانیت کو عدل، رحمت، مساوات اور وحدت کی نئی راہیں دکھائیں، رواں سال، پاکستان سمیت پوری دنیا میں سالِ رحمت للعالمین ﷺ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قراردادیں پاس ہوئیں جن کی رو سے نبی مکرم ﷺ کی 1500ویں ولادت باسعادت کو ملک بھر میں عقیدت واحترام سے منانے کا فیصلہ کیا گیا، اس امر کی گواہ ہیں کہ ہم بحیثیت قوم اپنے محبوب نبی ﷺ کی تعلیمات کو اپنے دستور، قانون اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ ایک کامل اور ہمہ جہت اسوہ ہے، حکومت و سیاست ہو، عدل و انصاف ہو، معیشت اور تجارت ہو، یا معاشرتی اقدار ہوں، سیرتِ طیبہ ہمارے لیے ہر دور میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے، قرآن ہمیں واضح الفاظ میں بتاتا ہے کہ "تمہارے لیے اللہ کے رسولﷺ میں بہترین نمونہ موجود ہے، ہر اس شخص کے لیے جو اللہ اور یومِ آخرت کی امید رکھتا ہے۔"
وزیراعظم نے کہا کہ آج جب دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، جدید ٹیکنالوجی سے روابط میں تیزی آگئی اور فاصلے سمٹ گئے ہیں ایسے میں ہمیں اپنی نئی نسل کو خیر، علم اور امن کی طرف راغب کرنے کیلئے انہیں حیات طیبہ ﷺ سے روشناس کرانا ہوگا، نبی اکرم ﷺ کی سیرت ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ زبان اور کلمہ خیر و بھلائی کے لیے استعمال ہو، اس لئے ہمیں نسل نو کو جدت کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کے لازوال اصول جو نبی آخرزماں حضرت محمد ﷺ نے امت کیلئے وضح کئے، ان پر عمل پیرا ہوتے ہوئے انکے محبت، بھائی چارے اور امن کے پیغام کو دنیا تک پہنچانے کی ترغیب دینی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک پاکستان کو سیرتِ طیبہؐ کی عملی تعبیر بنانا ہے، ہمیں تعصب، فرقہ واریت، انتہاپسندی اور نفرت کی ہر شکل کو رد کرنا ہے اور بھائی چارے، ایثار اور اتحاد کو فروغ دینا ہے، پاکستان کو درپیش مسائل چاہے وہ معاشی ہوں یا سماجی ان کا پائیدار حل اسی وقت ممکن ہے جب ہم نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اپنے قومی کردار کا حصہ بنائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئیں، ہم سب آج کے دن اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم سب ملک پاکستان کو سیرت النبی ﷺ کے سنہری اصولوں پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہماری پالیسیوں کا مقصد مساوات، غربت کا خاتمہ اور علم و تحقیق کا فروغ ہے تاکہ پاکستان حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بن سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میری اللہ سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے، اتحاد و یگانگت عطا فرمائے اور ہمیں نبی کریم ﷺ کی محبت و اطاعت میں زندگی گزارنے کی توفیق دے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاکستان کو شہباز شریف نے کہا کہ کے لیے
پڑھیں:
ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ بندی کروا کر لاکھوں جانیں بچائیں، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت حالیہ جنگ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کروا کر لاکھوں جانیں بچائیں۔
چترال میں دانش اسکول کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہلِ چترال ایک مہذب، پرامن اور محبِ وطن قوم ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں چترال آکر بے حد خوشی ہوئی ہے اور وہ اپنے بڑے بھائی، قائدِ مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کی جانب سے نیک تمنائیں لے کر آئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف نہ صرف ملک کی مجموعی ترقی کے لیے کوشاں ہیں بلکہ خیبرپختونخوا اور خصوصاً چترال کے ترقیاتی منصوبوں میں بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ چترال میں جدید سہولتوں سے آراستہ “دانی اسکول” قائم کیا جائے گا، جو مکمل طور پر مفت ہوگا۔ اس ادارے میں یتیم، غریب اور عام گھرانوں کے بچے معیاری تعلیم حاصل کریں گے۔ اسکول میں ڈیجیٹل لائبریری، اسمارٹ بورڈز، جدید لیبارٹریاں، کھیلوں کے میدان اور رہائشی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے دور دراز علاقوں بشمول آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور چترال میں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ چترال کے طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ اسکیم میں شامل کیا جائے گا تاکہ وہ جدید تعلیم کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔
چترال کے لیے منصوبوں کا اعلان
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں چترال کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپر چترال میں گیس پلانٹ لگایا جائے گا، جس کے احکامات وہ اسلام آباد پہنچتے ہی جاری کریں گے۔ اسی طرح چترال-بونی-مستوج-شندور روڈ، جو 153 کلومیٹر طویل ہے، اگلے سال دسمبر تک مکمل کر لی جائے گی، جبکہ چترال-ایون-بمبوریت روڈ پر جاری کام مئی تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لواری ٹنل کے شمالی راستے کی سات کلومیٹر طویل تعمیر مکمل ہو چکی ہے، جس کی مزید بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ جلد وزیرِ مواصلات اور سیکرٹری مواصلات کے ہمراہ چترال کا دوبارہ دورہ کریں گے تاکہ دیگر منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے اور اس کی نوجوان نسل ترقی کا ضامن ہے۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر قومی ترقی، خوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سب کو متحد ہونا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ چار روزہ جنگ میں بھارت کو شکست دی اور پاک افواج کی جرات و بہادری پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر بابر کی قیادت میں پاک فوج اور فضائیہ نے دفاعِ وطن میں نئی تاریخ رقم کی۔ وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو بھی سراہا کہ انہوں نے جنگ بندی کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا اور لاکھوں جانیں بچائیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
we news چترال دانش اسکول ڈونلڈ ٹرمپ شہباز شریف