ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی وزیراعظم کی عوام دوستی کا ثبوت ہے،امیرمقام
اشاعت کی تاریخ: 7th, September 2025 GMT
نوشہرہ: یومِ دفاع اور یومِ فضائیہ کے موقع پر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے زیراہتمام نوشہرہ میں ایک عظیم الشان کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی۔ کنونشن سے وفاقی وزیر اور سینئر مسلم لیگی رہنما امیر مقام نے خطاب کیا اور نوجوانوں کے جوش و خروش کو سراہا۔
امیر مقام نے یومِ دفاع اور یومِ فضائیہ کے تناظر میں افواجِ پاکستان کے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ان کے لازوال کارنامے کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دشمن کو عبرتناک شکست دی گئی، اور بھارت کو شکست دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے دشمن کی تمام چالوں کو ناکام بنایا اور ملک کو استحکام کی راہ پر گامزن کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم خود ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں، جو ان کی عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
امیر مقام نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے نواز شریف اور شہباز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، اور اب صوبے کی تقدیر بدلنے کا وقت آ چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان اب محض نعرے بازی نہیں بلکہ تعلیم، خدمت اور ترقی پر مبنی سیاست چاہتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جو نوجوانوں کو نعرے نہیں بلکہ عملی مواقع اور تعلیم دیتی ہے۔
امیر مقام نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر ملک مخالف پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیں اور مثبت بیانیے کو فروغ دیں۔
کنونشن میں رحمت سلام خٹک، بابر سلیم خان، سمیع اللہ برکی سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ امیر مقام نے کہا کہ یہ محض ایک اجتماع نہیں، بلکہ نئی قیادت کی بیداری کی تحریک ہے، جو آنے والے وقت میں خیبرپختونخوا کی سیاست کا رخ بدل دے گی۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پنجاب میں پہلی بار سیلاب کی پیشگی اطلاع کیلئے ڈرون مانیٹرنگ شروع
حکام کے مطابق تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرون سرویلنس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی ریلوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع اور نگرانی کے لیے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی سیف سٹی ڈرون سرویلنس کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی ریلوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔
ڈرون مانیٹرنگ کے دوران جھنگ کے تریموں بیراج میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ریکارڈ کی گئی جبکہ پاکپتن میں دریائے راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال، پانی کی آمد اور دریائی کناروں پر کٹاؤ کا جائزہ لیا گیا، جہاں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق رہا۔
سرگودھا میں دریائے چناب پر واقع طالب والا پل، خانیوال میں ہیڈ سدھنائی بیراج اور ہیڈ ورکس، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں رسول بیراج پر بھی ڈرون سرویلنس کے ذریعے پانی کے بہاؤ کی نگرانی کی گئی۔ حکام کے مطابق ساہیوال کے علاقے کتب شہانہ کے قریب نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سیالکوٹ کے ہیڈ مرالہ پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ ہوا۔