لاکھوں نوجوانوں کو اے آئی کی مفت تربیت کیلئے سعودیہ بھجوائیں گے: وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 31st, October 2025 GMT
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہونہار طلبہ وطالبات کے لئے لیپ ٹاپ سکیم 2025ء کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اے آئی، آئی ٹی، جدید مہارت اور ٹیکنالوجیز دنیا میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں۔ سعودی عرب نے پاکستان کے نوجوانوں کو اے آئی اور آئی ٹی میں مفت تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ سعودی ویژن 2030ء اور فیفا ورلڈ کپ کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت سعودی عرب بھجوائیں گے۔ سعودی عرب کے معاشی پیکج پر عملدرآمد سے پاکستان کی معیشت ترقی کرے گی۔ طلبہ وطالبات کے لیے جتنے بھی وسائل خرچ کرنا پڑے کریں گے۔ قوم کے عظیم بیٹوں اور بیٹیوں کی تعلیم، ہنر اور ان کو عظیم پاکستانی بنانے کے لیے 50 ارب تو کیا 500 ارب بھی خرچ ہو جائیں تو کوئی پرواہ نہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم 2025ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میرے لیے یہ خوشی کا دن ہے کہ ایک مرتبہ پھر اللہ تعالیٰ نے مجھے موقع دیا ہے کہ قوم کے انتہائی قابل اور ہونہار بچوں کے سامنے کھڑا ہوں جو والدین اور اساتذہ کرام کی محنت اور دعاؤں کے نتیجے میں قوم کے عظیم معمار بن رہے ہیں۔ اپنی طرف سے اور اپنی حکومت کی طرف سے بلکہ پوری قوم کی طرف سے انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ کے پروگرام میں کچھ تاخیر ہو گئی ہے کیونکہ جب یہ لیپ ٹاپ پاکستان پہنچے تو ان کے اوپر جو لوگو لگا ہوا تھا وہ کسی حوالے سے ذاتی تشہیر کے مترادف تھا تو میں نے کہا کہ اس کے اوپر لگا لوگو مناسب نہیں ہے، لوگو تبدیل کرنا چاہئے۔ ملک کے یہ نوجوان، یہ بیٹیاں لیپ ٹاپ لے کر پاکستان کو عظیم بنائیں گی۔ یہ میرٹ اور شبانہ روز محنت کا امتحان ہے۔ پورے ملک میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 2011ء سے یہ پروگرام شروع ہوا۔ اگر مجموعی قیمت لگائی جائے تو تقریبا 40، 50 ارب روپے خرچ ہو چکے ہوں گے۔ 50 ارب کیا 500 ارب بھی خرچ ہو جائیں تو کوئی پرواہ نہیں۔ سعودی عرب اے آئی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے اور اس نے اربوں ڈالر کا روڈ میپ اور انفراسٹرکچر بنایا ہے۔ سعودی عرب نے پاکستانی نوجوانوں کو اے آئی اور آئی ٹی میں مفت تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے، ایک نیا راستہ کھلا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے معاشی پیکج دینے پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا۔ مجھے پوری امید ہے جب ہم سب مل کر اس پر عمل پیرا ہوں گے تو زراعت، معدنیات،کانکنی اور آئی ٹی سمیت پاکستان کی معیشت ترقی کرے گی۔ سعودی عرب میں 2030ء میں ایک بین الاقوامی نمائش ہونے جا رہی ہے۔ وہاں پر 2034ء میں فیفا کپ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ اس کے لیے سعودی عرب کو نہ صرف اربوں ڈالر کی تعمیرات کرنی ہیں بلکہ ان کو ہزاروں لاکھوں انتہائی مہارت کی حامل افرادی قوت کی ضرورت ہے۔ پوری کوشش ہوگی اور ایڑی چوٹی کا زور لگا کر ہزاروں لاکھوں ہنر مند بچے اور بچیوں کو سعودی عرب بھجوائیں گے اور پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔ لیپ ٹاپ وصول کرنے والے طلباء و طالبات نے دن رات محنت کر کے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ نوجوان ذاکر اللہ نے بہت خوبصورت اردو اور عربی میں بات کی۔ میں عربی بولنے میں اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ یہاں پر قوم کے ایک شہید کے بیٹے سٹیج پہ آئے، ان کے والد نے قوم کے بچوں اور بچیوں کو یتیم ہونے سے بچانے کیلئے اپنا خون پاکستان کو دیا اور جام شہادت نوش کیا۔ شہید نے اپنے بیٹے کو یتیم کر دیا لیکن قوم کے لاکھوں کروڑوں بیٹوں اور بیٹیوں کو یتیم ہونے سے بچایا۔ وزیراعظم نے لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب کو کامیاب بنانے پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور ان کی پوری ٹیم کو سراہا۔ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے بارے میں نوجوانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کو سراہا۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے ایم فل کرنے والے طالب علم ذاکر اللہ نے کہا کہ یہ لیپ ٹاپ میرے لیے کافی معاون ثابت ہوا ہے۔ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد سے تعلق رکھنے والے طالب علم کامران خان نے کہا کہ ہم سات بہن بھائی ہیں اور الحمدللہ سب تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ لیپ ٹاپ سکیم کا پہنچنا کسی معجزے سے کم نہیں۔ 2024ء میں لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے محمد رفیق آفریدی نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں ایک شہید کا بیٹا ہوں۔ شہید والد کے مشن کو پورا کرنے میں وزیراعظم شہباز شریف نے میرا ساتھ دیا ہے۔ لیپ ٹاپ سکیم نے تعلیم کے حصول میں سہولت فراہم کی۔ یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا کی طالبات سمیہ ضیاء اور عائشہ ضیاء نے بھی وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کی تعریف کی اور اسے ہونہار طلبہ و طالبات کے لئے تاریخی اقدام قرار دیا۔ تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہونہار طلباء و طلبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے صدر آصف زرداری سے ملاقات کی جس میں سیاسی امور اور پاک افغان کشیدگی پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور صدر آصف علی زرداری کی ملاقات ایوان صدر میں ہوئی۔ ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری، وزیر داخلہ محسن نقوی، راجہ پرویز اشرف، طارق فضل چوہدری، فاروق ایچ نائیک اور شیری رحمان، رانا ثناء اللہ، اعظم نذیرتارڑ نے بھی شرکت کی جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ویڈیولنک پر ملاقات میں شریک ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے صدر مملکت کو دورہ سعودی عرب کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں نئے وزیراعظم آزاد کشمیرکے نام اور حکومت سازی پر بھی بات چیت کی گئی۔ دریں اثنا وزیراعظم نے ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ 2018ء میں ہونے والے سیلز ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کیخلاف 3 ہفتوں میں رپورٹ طلب کر لی۔ شہبازشریف نے ہدایت کی کہ پرال کے نظام کا انٹرنیشنل فرم سے فرانزک کرایا جائے۔ اجلاس میں ورلڈ بنک کانفرنس میں شمولیت کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ماضی میں سیلز ٹیکس میں کئے گئے فراڈ پر برہمی کا اظہار کیا۔ فراڈ اداروں، کمپنیوں اور افراد کی شناخت کے لئے تحقیقات کی ہدایت کی۔ دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ محسن نقوی نے اپنے حالیہ دورہ ایران اور عمان سے متعلق آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے بلوچستان کے ممبر قومی اسمبلی میاں خان بگٹی بھی ملے۔ ملاقات کے دوران حلقے کے مسائل اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: وزیراعظم شہبازشریف لیپ ٹاپ سکیم ملاقات میں نے کہا کہ حوالے سے اے ا ئی اور ان کی گئی قوم کے کے لیے
پڑھیں:
پاکستانی بچوں کے ہنر اور تعلیم پر 500 ارب بھی خرچ کرنا پڑے تو کریں گے؛ وزیراعظم
ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی بچوں کے ہنر اور تعلیم پر 500 ارب بھی خرچ کرنا پڑے تو کریں گے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کا افتتاح ہوا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 2011 میں لیپ ٹاپ پروگرام شروع کیا تھا، اب تک 40 سے 50 ارب خرچ ہوچکے ہوں گے۔ مگر اپنی قوم کے بچوں کے ہنر اور تعلیم کے لیے 50 ارب کیا، 500 ارب بھی خرچ کرنے پڑے تو کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات
شہباز شریف نے کہا کہ ہر سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ پورے ملک میں میرٹ پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ رواں برس اس پروگرام میں تاخیر کی وجہ لیپ ٹاپ بیگ پر لوگو تھا۔ بیگ پر اس سے قبل شہباز پاکستان کا لوگو تھا جو ذاتی تشہیر کے مترادف تھا، اس لیے یہ لوگو ہٹوا کر لیپ ٹاپ کے بیگ پر ان بچوں کا لوگو لگوایا۔ انہوں نے کہا کہ اب بات لیپ ٹاپ سے بہت آگے نکل کر جدید اے آئی ٹیکنالوجی تک آ گئی ہے۔ سعودی عرب میں اے آئی ٹیکنالوجی پر اربوں ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں۔ سعودی ولی عہد نے اربوں ڈالر کا روڈ میپ دکھایا اور جب میں نے ان سے کہا کہ ہمارے پاس تیل ہے اور نہ ہی اتنے وسائل تو انہوں نے پاکستان کے بچوں کو فری ٹریننگ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
چارکروڑانسانوں کےکھانےکی امدادبند؛ سپرپاورکی گلیوں میں کہرام کا آغاز
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان برادر ملک ہیں۔ وہ پاکستان کے لیے ہر چیز کرنے کو تیار ہے اور پاکستانی بچوں کے لیے نیا راستہ کھل رہا ہے۔ سعودی ولی عہد نے پاکستان کے لیے معاشی پیکج بنایا، جس پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں 2034 میں فیفا ورلڈ کپ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔ سعودی عرب کو ہنرمند نوجوانوں کی ضرورت ہے، ہم ہزاروں پاکستانی بچے وہاں بھیجیں گے۔
افتتاحی تقریب میں شریک نوجوانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے لیپ ٹاپ اسکیم کو نوجوانوں کے مستقبل پر بہترین سرمایہ کاری قرار دیا اور کہا کہ وہ لیپ ٹاپ کے ذریعہ صلاحیتیں حاصل کر کے نہ صرف خود پیسے کما رہے ہیں بلکہ دیگر کو بھی اس کی تعلیم دے رہے ہیں۔
میں نے پہلے ای چالان کی معافی کی ہدایت جاری کر دی ہے؛ مراد علی شاہ
 بلوچستان میں ن لیگ کی حکومت بننے سے متعلق کوئی معاہدہ نہیں ہوا تھا، شازیہ مری
بلوچستان میں ن لیگ کی حکومت بننے سے متعلق کوئی معاہدہ نہیں ہوا تھا، شازیہ مری