وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا پشاور میں بڑے سیاسی جلسے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 8th, September 2025 GMT
پشاور : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ( کے پی کے ) علی امین گنڈاپور نے بانی چیئرمین کی ہدایات پر رواں ماہ کے آخر میں پشاور میں ایک بڑے سیاسی جلسے کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ یہ جلسہ حقیقی آزادی کی تحریک، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے کیا جا رہا ہے اور اس میں عوامی شمولیت پاکستان کی تاریخ کا ایک نیا باب رقم کرے گی۔
امین گنڈا پور نے کہا کہ جلسے کی حتمی تاریخ کا اعلان جلسے سے پانچ روز قبل کیا جائے گا تاکہ حالات اور موسمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بہترین انتظامات ممکن بنائے جا سکیں،بانی چیئرمین کی ہدایت کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جلسے کا وقت اور مقام طے کیا گیا ہے تاکہ عوام کو سہولت مل سکے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ خود جلسے کی میزبانی کریں گے اور یہ اجتماع نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے پاکستان میں سیاسی جدوجہد کی نئی روح پھونکے گا، یہ جلسہ مخالفین کو ایک واضح پیغام دے گا کہ عوام حقیقی آزادی، انصاف اور آئین کی حکمرانی کے لیے متحد ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھرپور تعداد میں شریک ہو کر اپنے عزم کا اظہار کریں تاکہ دنیا کو دکھایا جا سکے کہ قوم اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،ہم حق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اس جنگ میں ہر پاکستانی کا کردار ہے، یہ جلسہ اس بات کا عملی مظاہرہ ہوگا کہ عوام کس نظریے کو اپنا مستقبل سمجھتے ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق جلسے کی تیاریوں کے لیے ضلعی اور تحصیل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو عوامی رابطہ مہم اور کارکنان کی بھرپور شرکت یقینی بنائیں گی۔ مختلف شہروں اور دیہاتوں سے قافلے پشاور پہنچیں گے اور کارکنان کے لیے ٹرانسپورٹ کا بندوبست بھی کیا جا رہا ہے۔ خواتین اور نوجوانوں کی شمولیت کے لیے علیحدہ کیمپ اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے جلسے کے موقع پر سکیورٹی پلان تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔ بڑے داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوائنٹس قائم کیے جائیں گے جبکہ جلسہ گاہ کے اطراف میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ عوام کے تحفظ کے لیے پولیس، لیویز اور رضاکاروں کی بڑی تعداد تعینات ہوگی۔
پارٹی کارکنان نے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں گھروں، بازاروں اور عوامی مقامات پر رابطہ مہم شروع کر دی ہے۔ سوشل میڈیا ٹیمیں بھی عوام کو متحرک کرنے کے لیے سرگرم ہیں اور اس جلسے کو “پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع” بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا اپنے عہدے سے مستعفی
محمد انعام یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بطور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ذمہ داری ادا کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، تاہم مزید اس پوسٹ پر کام جاری نہیں رکھ سکتا۔ اسلام ٹائمز۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا محمد انعام یوسفزئی نے استعفا دے دیا۔ محمد انعام یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بطور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ذمہ داری ادا کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، تاہم مزید اس پوسٹ پر کام جاری نہیں رکھ سکتا۔ مستعفی ہونے والے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ وزیر قانون اور سیکرٹری قانون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔