ملک میں سیلاب اور بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 900 تک پہنچ گئی
اشاعت کی تاریخ: 11th, September 2025 GMT
وفاقی وزیر مصدق ملک نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک بھر میں اموات کی تعداد 900 تک جا پہنچی ہے۔ یہ بات انہوں نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس بریفنگ کے دوران بتائی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے دنیا بھر کو متاثر کیا ہے اور پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو ان تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ملک میں موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ ہمیں اگلے مون سون سیزن کی تیاری ابھی سے شروع کرنی ہوگی تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم سے کم رکھا جا سکے۔ ان کے مطابق، سیالکوٹ اور نارووال سمیت کئی علاقوں میں شدید بارشوں نے تباہی مچائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں فلاحی ادارے اور نجی تنظیمیں بھرپور انداز میں امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہیں، اور ان کا جذبہ واقعی قابل تحسین ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ سندھ میں ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے وفاقی حکومت، NDMA اور صوبائی حکومت نے مل کر پیشگی انتظامات مکمل کر لیے ہیں، اور امید ظاہر کی کہ نقصانات نسبتاً کم ہوں گے۔
پریس بریفنگ کے اختتام پر مصدق ملک نے کہا کہ حکومت پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ تمام اداروں کو مل کر بچوں کے محفوظ اور بہتر مستقبل کے لیے کام کرنا ہوگا۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
دیو ہیکل بحری جہاز "ایم ایس سی ڈیلیٹا” کراچی پورٹ پہنچ گیا
کراچی : دیو ہیکل بحری جہاز ‘ایم ایس سی ڈیلیٹا ‘ کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوگیا ، جو بندرگاہ کے عالمی معیار کے انفراسٹرکچر اور آپریشنل صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔تفصیلات کے مطابق دنیا کا دیو ہیکل کنٹینر بحری جہاز "ایم ایس سی ڈینلیٹا” کامیابی کے ساتھ کراچی پورٹ پہنچ گیا ہے اور کے پی ٹی کے مخصوص ٹرمینل پر لنگر انداز ہوگیا۔کراچی پورٹ ٹرسٹ نے بتایا کہ یہ بحری جہاز اپنی نوعیت اور حجم کے اعتبار سے انتہائی وسیع ہے، جو بندرگاہ کے عالمی معیار کے انفراسٹرکچر اور آپریشنل صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔کے پی ٹی کا کہنا تھا کہ 400 میٹر طویل اور 67 میٹر چوڑا یہ بحری جہاز 255,288 ڈیڈ ویٹ ٹن گنجائش رکھتا ہے، جو اسے دنیا کے بڑے تجارتی جہازوں میں شامل کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ اتنے بڑے جہاز کی آمد اس بات کا مظہر ہے کہ کراچی پورٹ جدید سہولیات اور بڑے بحری جہازوں کو سنبھالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ادارے کے مطابق ایسے بڑے جہازوں کی آمد سے بندرگاہ کی استعداد میں مزید اضافہ ہوگا، عالمی شپنگ کمپنیوں کا اعتماد مضبوط ہوگا اور پاکستان کی تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔