شجاع آباد، موضع دھوندو کے قریب دریا چناب کے حفاظتی بند میں دوبارہ شگاف پڑ گیا
اشاعت کی تاریخ: 12th, September 2025 GMT
ملتان:
موضع دھوندو کے قریب دریا چناب کے حفاظتی بند میں ایک بار پھر شگاف پڑ گیا ہے، جس سے قریبی دیہات کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
شگاف کی چوڑائی تقریباً 80 فٹ بتائی جا رہی ہے جسے پر کرنے کے لیے اضافی مشینری طلب کر لی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے بند کے شگاف کو پر کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر دوبارہ کام کا آغاز کر دیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق متاثرہ بند کی مرمت کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ پانی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
ادھر قریبی بستیوں سے شہریوں کے انخلا کا آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور مقامی آبادی کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بند ٹوٹنے کی صورت میں بستی مٹھو، بستی ماہڑے، بستی دھوندو، بستی سومن، بستی بنگالا اور نئی بستی براہِ راست متاثر ہوں گی۔
ان علاقوں میں پانی داخل ہونے کی صورت میں کسانوں کی فصلیں، مال مویشی اور رہائش گاہیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔
ضلعی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر محفوظ علاقوں کی جانب فوری نقل مکانی اختیار کریں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پنجاب بھر میں دریا معمول پر آنے لگے
ہزاروں بستیاں اجاڑنے کے بعد پنجاب بھر کے دریاؤں میں پانی کی صورتِ حال معمول پر آنے لگی۔
ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق شدید سیلابی صورتِ حال سے چار ہزار سات سو دیہات اور پینتالیس لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے، اب تک ایک سو چار افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
منگل سے مون سون کے گیارہویں اسپیل کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔