توشہ خانہ ٹو؛ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جلد سماعت و ٹرائل روکنے کی درخواست دائر
اشاعت کی تاریخ: 12th, September 2025 GMT
اسلام آباد:
بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں ٹرائل رکوانے اور اپیل کی جلد سماعت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
ہائی کورٹ میں یہ اپیل بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری کے ذریعے دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے نومبر 2024 میں بریت کی درخواست مسترد کی تھی جس کے خلاف 21 جنوری 2025 کو اپیل دائر کی گئی۔
اپیل کی آخری سماعت 25 اپریل کو ہوئی، اس کے بعد سے معاملہ زیر التوا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اپیل میں تاخیر سے درخواست گزار کے بنیادی حقوق متاثر ہونے کا خدشہ ہے جب کہ ٹرائل کورٹ غیر معمولی تیزی سے کارروائی آگے بڑھا رہی ہے۔
درخواست گزار کے مؤقف کے مطابق اپیل پر فیصلہ آنے سے پہلے اگر ٹرائل مکمل ہوگیا تو اپیل کا فائدہ ختم ہو جائے گا۔ اسی لیے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اپیل کا فیصلہ ہونے تک ٹرائل روکا جائے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
توشہ خانہ کیس: عمران اور بشریٰ بی بی کیخلاف گواہی کیلئے 2 فوجی افسران طلب
راولپنڈی(نیوز ڈیسک) اسلام آباد میں اسپیشل جج سینٹرل نے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 2 فوجی افسران کو گواہی کے لیے طلب کرلیا۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جج نے اڈیالہ جیل کے اندر 6 گھنٹے طویل کارروائی کے دوران 2 اہم گواہوں، جن میں ایک وعدہ معاف گواہ صہیب عباسی پر جرح کا عمل مکمل کیا، یہ کیس توشہ خانہ کے تحائف میں سے قیمتی جیولری سیٹ کو رکھنے میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق ہے۔
خصوصی جج سینٹرل شہریار ارجمند نے مقدمے کی سماعت کی، اس دوران دفاعی ٹیم نے دونوں گواہوں سے جرح مکمل کی۔
نجی ماہر صہیب عباسی، جنہوں نے اس کیس میں حلفیہ بیان جمع کرایا تھا، اور سابق وزیر اعظم کے پرسنل سیکریٹری انعام شاہ سے دفاعی وکلا نے تفصیلی سوالات کیے۔
عدالت نے مزید دو گواہوں، سابق وزیر اعظم عمران خان کے ملٹری سیکریٹری بریگیڈیئر محمد احمد اور ڈپٹی ملٹری سیکریٹری کرنل ریحان کو اگلی سماعت پر پیش ہو کر اپنے بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا۔
کارروائی کے دوران عمران خان اور ان کی اہلیہ کو خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، جب کہ ان کی 3 بہنیں اور دفاعی وکیل بیرسٹر علی ظفر بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
Post Views: 5