مقبوضہ بیت المقدس میں چاقو سے حملہ، دو افراد زخمی، حملہ آور گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 12th, September 2025 GMT
مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) میں ایک ہوٹل کے باہر پیش آنے والے چاقو حملے میں دو اسرائیلی افراد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ مشرقی یروشلم میں پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم شخص نے ہوٹل کے مہمانوں کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی پولیس کے مطابق، حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی عمریں تقریباً 50 اور 25 سال بتائی گئی ہیں۔ دونوں افراد کو جسم کے نچلے حصے پر چاقو کے وار کیے گئے، جس کے باعث انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق زخمیوں میں سے ایک شخص کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کا تعلق مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کے شفاعت پناہ گزین کیمپ سے ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
جعلی فٹبال ٹیم بنا کر 17 افراد کو جاپان بھجوانے والا ایجنٹ گرفتار
ایف آئی اے گوجرانوالہ نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ ایجنٹ وقاص علی کو گرفتار کر لیا ۔
حکام کے مطابق ملزم نے جعلی دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے 17 افراد کو فٹبال ٹیم ظاہر کر کے جاپان بھجوایا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کا جعلی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور وزارتِ خارجہ کا جعلی این او سی تیار کیا، جنہیں استعمال کرتے ہوئے ان افراد کو جاپان کے وزٹ ویزے دلوا کر یکم جنوری 2024 کو روانہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق ہر فرد سے 40 سے 45 لاکھ روپے کے درمیان رقم وصول کی گئی۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم وقاص علی کے خلاف انسانی اسمگلنگ کے متعدد مقدمات ایف آئی اے گوجرانوالہ میں پہلے سے بھی درج ہیں۔
تازہ کارروائی کے دوران ادارے نے جعلی کاغذات، فٹبال فیڈریشن کے جعلی لیٹر ہیڈز اور دیگر شواہد بھی قبضے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ۔