‘احتجاج کیساتھ کھیلنے سے نہ کھیلنا ہی بہتر ہے،’ سابق بھارتی کرکٹر کی اپنی ٹیم کے رویے پر تنقید
اشاعت کی تاریخ: 21st, September 2025 GMT
بھارت اور پاکستان کے درمیان ایشیا کپ 2025 کے اہم ٹاکرے سے قبل کرکٹ حکمت عملی کے بجائے گذشتہ میچ کے بعد سامنے آنے والے ہینڈ شیک تنازعہ نے ماحول کو مزید گرما دیا ہے۔
گزشتہ میچ میں بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا، جس پر پی سی بی نے آئی سی سی کو شکایت کی۔ اس معاملے نے دونوں ٹیموں کے اگلے ٹاکرے کو مزید سنسنی خیز بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ایشیا کپ میں ہاتھ نہ ملانے کا تنازعہ، اس حوالے سے کرکٹ قوانین کیا ہیں؟
سابق بھارتی کپتان محمد اظہرالدین اور سابق کرکٹر نکھل چوپڑا نے اس تنازعے پر اپنے سخت ردعمل دیے۔ اظہرالدین نے اس معاملے کو بلاوجہ کا ہنگامہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں ہاتھ ملانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ جب آپ کھیل رہے ہیں تو سب کچھ کرنا چاہیے، ہاتھ ملانا بھی۔ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ اس میں کیا مسئلہ ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ احتجاج کے انداز میں کھیلنا درست نہیں۔ اگر آپ احتجاج کے ساتھ کھیل رہے ہیں تو بہتر ہے بالکل نہ کھیلیں۔ جب آپ نے کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی چاہے وہ آئی سی سی کا ایونٹ ہو یا ایشیا کپ، تو پھر پوری شدت سے کھیلنا چاہیے۔ ورنہ کھیلنے کی ضرورت ہی نہیں۔
نکھل چوپڑا نے مختلف رائے دی اور اشارہ کیا کہ ممکن ہے میدان میں کسی قسم کی تلخ کلامی اس کی وجہ بنی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ شاید اس میچ میں کچھ کھلاڑیوں کے ساتھ سخت جملے کہے گئے ہوں اور اس کے نتیجے میں بطور یونٹ گوتم گمبھیر اور سوریہ کمار یادو نے کہا ہو کہ ہم ہاتھ نہیں ملائیں گے۔ ممکن ہے دوران میچ کوئی زبانی جھگڑا ہوا ہو۔
یہ بھی پڑھیے: بھارتی کپتان کو محسن نقوی اور سلمان آغا سے مصافحہ کرنا مہنگا پڑگیا، غدار قرار دے دیا گیا
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسی تنازعات کھلاڑیوں کی توجہ پر اثر ڈالتے ہیں اور بڑے ایونٹس میں احتجاجی رویہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
چوپڑا نے کہا کہ ہم سب سمجھ رہے ہیں کہ ’پکچر ابھی باقی ہے‘۔ بتائیے پچھلے کتنے سالوں میں ایسا کب ہوا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ میں کوئی ڈرامہ نہ ہوا ہو؟ ہمیشہ کچھ نیا سامنے آتا ہے۔
اظہرالدین نے بھی واضح کیا کہ ہر مقابلے کی اپنی حرکیات ہوتی ہیں اور یہ حالات پر منحصر ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
Asia Cup PAK INDIA MATCH احتجاج انڈیا پاک انڈیا میچ کرکٹ مصافحہ.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: انڈیا پاک انڈیا میچ کرکٹ مصافحہ
پڑھیں:
’پاکستان سے میچ سے قبل فون بند کرکے سو جاؤ‘، بھارتی کپتان کا ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو نے بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ سے قبل کھلاڑیوں کو بیرونی دباؤ سے بچنے کے لیے فون بند کرکے آرام کرنا چاہیے۔
سوریہ کمار نے ہفتے کے روز پریس کانفرنس میں کہا کہ ’اپنے کمرے بند کریں، فون بند کریں اور سو جائیں۔ یہی سب سے بہتر ہے۔ کہنا آسان ہے لیکن عمل مشکل، یہ آپ پر ہے کہ آپ کیا سننا چاہتے ہیں اور دماغ میں کیا جگہ دینا چاہتے ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2025: سپر4 مرحلے کے ٹکٹوں کی قیمت کیا ہے اور کہاں سے حاصل کیے جاسکتے ہیں؟
ایشیا کپ کے دوران بھارت اور پاکستان کی ٹکراؤ نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی ہے، خاص طور پر اس وقت جب گزشتہ ہفتے گروپ اے کے میچ میں بھارت نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی لیکن بھارتی کھلاڑیوں نے میچ کے بعد پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا۔
بھارتی کپتان نے یہ فتح مسلح افواج کے نام کی تھی جبکہ کئی کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر بھی اسی طرح کے پیغامات دیے، جس پر پاکستان نے احتجاجاً ٹورنامنٹ سے دستبرداری پرغور کیا لیکن بعد میں یو اے ای کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ تنازع: میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی معافی مانگنے کی ویڈیو سامنے آگئی
سوریہ کمار یادو نے کہا کہ ٹیم کی تیاری اچھی ہے اور وہ پچھلی کارکردگی پر انحصار نہیں کریں گے۔ ’ہم ہر میچ کو نئے سرے سے شروع کریں گے، پچھلی جیت ہمیں کوئی اضافی برتری نہیں دیتی۔‘
انہوں نے کہا کہ ہماری تیاری اچھی ہے۔ اور 3 اچھے میچز کھیلے ہیں۔ ایک میچ جیتنے کا مطلب برتری نہیں ہوتا، اچھا مقابلہ ہو گا، اسٹیڈیم بھرا ہوا ہو تو اچھا کھیلنا ہوتا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
we news انڈیا ایشیا کپ بھارتی کھلاڑی پاکستان سوریا کمار یادیو