شہباز شریف اور سید عاصم منیر کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات، امن کا داعی قرار دیدیا
اشاعت کی تاریخ: 26th, September 2025 GMT
وزیراعظم دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میںامریکی صدر کی دلیرانہ، جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا، جس سے جنوبی ایشیا میں ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہوا۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی اور تنازعات کے خاتمے کے لیے مخلصانہ کوششوں پر ٹرمپ کو امن کا داعی قرار دیا۔ وزیراعظم دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں صدر ٹرمپ کی دلیرانہ، جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا، جس سے جنوبی ایشیا میں ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہوا۔
مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا، خصوصاً اُن کی وہ پہل جس کے تحت انہوں نے رواں ہفتے نیویارک میں مسلم دنیا کے اہم راہنماؤں کو مدعو کیا تاکہ غزہ اور مغربی کنارے میں امن کی بحالی کے لیے تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔ وزیرِاعظم نے امریکا اور پاکستان کے درمیان رواں سال طے پانے والے ٹیرف (محصولات) معاہدے پر بھی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں پاک-امریکہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، جو دونوں ممالک کے لیے سودمند ہوں گے۔
اس سلسلہ میں وزیرِاعظم نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ملاقات کے دوران دونوں راہنماؤں نے علاقائی سکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون پر بھی بات چیت کی، وزیراعظم نے انسدادِ دہشت گردی میں پاکستان کے کردار کی امریکی صدر کی طرف سے کی گئی عوامی توثیق پر ان کا شکریہ ادا کیا اور سکیورٹی اور انٹیلی جنس کے شعبے میں مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیرِاعظم نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پاکستان کے کے لیے
پڑھیں:
صدر ٹرمپ اور شہباز شریف کی ملاقات آج وائٹ ہاؤس میں ہوگی، آرمی چیف عاصم منیر بھی شریک ہوں گے
وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آج واشنگٹن کے وائٹ ہاؤس میں باضابطہ ملاقات ہوگی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کی وائٹ ہاؤس نے تصدیق کر دی ہے، جو مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے اوول آفس میں منعقد ہوگی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات میں عالمی اور علاقائی معاملات پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے، جب کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
ملاقات کے ایجنڈے میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، انسداد دہشت گردی میں تعاون، افغانستان کی صورتحال اور خطے کے مجموعی حالات جیسے اہم امور شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف، امریکی صدر سے ملاقات کے بعد اسی روز واپس نیویارک روانہ ہو جائیں گے تاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہو سکیں۔ وہ جمعہ کے روز اجلاس سے خطاب بھی کریں گے، جس میں پاکستان کے موقف اور خطے کی صورتحال پر روشنی ڈالنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل نیویارک میں اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اجلاس کے دوران بھی وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی ملاقات ہوئی تھی۔
اس موقع پر دونوں رہنما خوشگوار اور بے تکلف ماحول میں ایک دوسرے سے طویل گفتگو کرتے رہے۔ ملاقات کے دوران امریکی صدر نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی مصافحہ کیا اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ گفتگو کے اختتام پر ’تھمز اپ‘ کا اشارہ کیا، جسے مثبت پیغام کے طور پر دیکھا گیا۔
اسلامی ممالک کے اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر، اردن کے بادشاہ اور انڈونیشیا کے صدر سے بھی علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں غزہ میں جنگ بندی کے امکانات اور خطے کے دیگر معاملات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔