اماراتی وزیر خارجہ کی اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 28th, September 2025 GMT
شیخ عبد اللّٰہ بن زاید نے غزہ میں جاری خونریزی کو فوری ختم کرنے، مستقل اور پائیدار جنگ بندی قائم کرنے، مزید انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے اور غزہ میں شہریوں کو درپیش ہولناک حالات کا خاتمہ کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ اسلام ٹائمز۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید النہیان اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی نیو یارک میں ملاقات ہوئی، اماراتی حکام نے غزہ میں جنگ بندی پر زور دیا۔ اماراتی سرکاری میڈیا کے مطابق شیخ عبد اللّٰہ بن زاید النہیان کی نیو یارک میں جاری 80ویں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر سفارتی اہلکار و دیگر وزراء بھی موجود تھے۔ ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور غزہ میں جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ شیخ عبد اللّٰہ بن زاید نے غزہ میں جاری خونریزی کو فوری ختم کرنے، مستقل اور پائیدار جنگ بندی قائم کرنے، مزید انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے اور غزہ میں شہریوں کو درپیش ہولناک حالات کا خاتمہ کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ اماراتی حکام نے غزہ میں ہنگامی انسانی صورتحال کی طرف بھی توجہ دلائی اور تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے انسانی امداد کی بلا روک ٹوک اور پائیدار فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
دوسری طرف اس ملاقات کے حوالے سے سرکاری طور پر اسرائیل کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے مسلسل شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اسرائیلی فوج نے زمینی حملوں میں آج بھی 70 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔ غزہ سٹی میں اسرائیلی زمینی چڑھائی کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے، کیونکہ اس سے عام شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023ء کے بعد سے اب تک اسرائیل کے غزہ پر جنگی حملوں میں کم از کم 65,549 فلسطینی شہید اور 167,518 زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد کے تا حال ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: پر زور دیا بن زاید
پڑھیں:
ہم نے ایران کے میزائل اور جوہری خطرے کا خاتمہ کر دیا ہے، نیتن یاہو کا دعوی
ایک ایسے وقت میں کہ جب عالمی ذرائع ابلاغ ایرانی میزائل و جوہری صلاحیتوں کی مکمل بحالی کی بات کر رہے ہیں، قابض اسرائیلی وزیراعظم نے دعوی کیا ہے کہ اسرائیل نے ایرانی میزائلوں و جوہری پروگرام کے خطرے کا خاتمہ کر دیا ہے اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم کے پارلیمنٹ (کنیسٹ - Knesset) میں ایک تقریر کے دوران قابض اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے غزہ کی پٹی کے خلاف 2 سالہ جنگ میں "مبینہ کامیابیوں" کو اجاگر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ایران کے خلاف 12 روزہ اسرائیلی جنگ کا بھی حوالہ دیا اور دعوی کیا ہے کہ اسرائیل نے ایرانی خطرات کا خاتمہ کر دیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق نین یاہو نے دعوی کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل، ایران کے پیدا کردہ "بیلسٹک اور جوہری خطرے" کو ختم کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ نیویارک ٹائمز نے گذشتہ روز ہی خبر دی تھی کہ ایران کی میزائل فیکٹریاں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں اور آئندہ کسی بھی جنگ کی صورت میں ایران، دشمن پر بیک وقت 2 ہزار میزائل داغنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ غزہ پر اسرائیل کی دو سالہ جنگ، اسرائیل کے لئے پہلے سے زیادہ نفرت کا باعث بنی ہے جیسا کہ خود صیہونی میڈیا کا بھی کہنا ہے کہ جنگ غزہ کے باعث حتی امریکہ میں موجود جوان یہودی نسل بھی صیہونی رژیم کے خلاف ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے وسیع جنگی جرائم کے باعث اسرائیل کے اندر اور باہر شدید دباؤ کا شکار نیتن یاہو، 7 اکتوبر 2023ء سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی تشکیل کو روکنے کی مسلسل کوشش میں ہے جبکہ آج کنیسٹ کے اجلاس کے دوران صیہونی نمائندوں نے اس کمیٹی کی تشکیل اور نیتن یاہو سے مواخذے پر ایک بار پھر زور دیا ہے۔